1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا، چھ بلین ڈالر ملیں گے

12 مئی 2019

پاکستان کو آئی ایم ایف کی طرف سے آئندہ تین برسوں کے دوران چھ بلین ڈالر قرض ملے گا۔ یہ رقم غیر ملکی قرضے اتارنے کی ضروریات کے لیے استعمال کی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/3INjW
Symbolbild IWF Internationaler Währungsfonds
تصویر: Reuters/K. Kyung-Hoon

پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت اور عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف کی ٹیکنیکل ٹیموں نے ایک معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے جس کے تحت پاکستان کو آئندہ تین برسوں کے دوران چھ بلین امریکی ڈالرز کا بیل آؤٹ پیکج دیا جائے گا۔

پاکستان کے سرکاری ٹیلی وژن پر عبدالحفیظ شیخ نے مزید بتایا کہ اس اتفاق شدہ معاہدے کی توثیق ابھی واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے گورننگ بورڈ کی جانب سے کی جانا ہے۔ ان کا تاہم کہنا تھا کہ اس معاہدے پر اتفاق ہونا یہ ظاہر کرتا ہے کہ  پاکستان میں مؤثر اقتصادی اصلاحات کا عمل جاری ہے۔

Pakistan Finanzminister Abdul Hafeez Shaikh
پاکستان کے سرکاری ٹیلی وژن پر عبدالحفیظ شیخ نے مزید بتایا کہ اس اتفاق شدہ معاہدے کی توثیق ابھی واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے گورننگ بورڈ کی جانب سے کی جانا ہے۔تصویر: AP

عبدالحفیظ شیخ کے مطابق پاکستان پر غیر ملکی قرضوں کا حجم 90 بلین ڈالرز سے تجاوز کر چکا ہے اور گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ملکی برآمدات میں مسلسل کمی واقع ہوئی۔ شیخ کا مزید کہنا تھا، ’’اس لیے پاکستان آئی ایم ایف سے چھ بلین ڈالرز حاصل کرے گا اس کے علاوہ آئندہ تین برسوں کے دوران ورلڈ بینک اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک سے بھی دو سے تین بلین ڈالرز حاصل کیے جائیں گے۔‘‘

پاکستانی مشیر خزانہ نے ملک کی اقتصادی زبوں حالی پر روشنی ڈالتے ہوئے مزید کہا، ’’تجارتی خسانہ 20 بلین ڈالرز تک پہنچ گیا ہے جبکہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی گزشتہ دو برسوں کے دوران 50 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ لہٰذا ہمارا سالانہ ادائیگیوں کا عدم توازن 12 بلین ڈالرز تک پہنچ گیا ہے اور ہمارے پاس اسے پورا کرنے کے ذرائع موجود نہیں ہیں۔‘‘

 

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔

ا ب ا / ش ح (اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں