آئی پی ایل کا نیا سیزن، متعدد بڑے نام دھرے رہ گئے
10 جنوری 2011ستائیس سالہ ڈینیئل کرسچین فاسٹ بولر تو ہیں ہی، لیکن وہ بیٹنگ بھی خوب کر لیتے ہیں۔ انہیں دکن چارجرز نے نو لاکھ ڈالر میں خریدا ہے۔ کرسچین کے لیے قبل ازیں دہلی ڈیئرڈیولز اور کوچی کی ٹیموں کے درمیان بھی دھواں دھار بولی ہوئی۔
اتوار کو نیلامی کے دوسرے روز بھارتی فاسٹ بولر امیش یادو کو دہلی ڈیئرڈیولز نے ساڑھے سات لاکھ ڈالر میں خریدا ہے۔ مناف پٹیل سات لاکھ ڈالر میں بکے ہیں اور وہ ممبئی انڈینز کی ٹیم میں کھیلیں گے۔ لکشمی پتھی بالاجی کو کولکتہ نائٹ رائڈرز نے پانچ لاکھ ڈالر کے عوض خریدا۔
اس ٹورنامنٹ کے نئے سیزن کے لئے دنیا بھر سے ساڑھے تین سو ٹاپ کرکٹرز فروخت کے لئے دستیاب تھے۔ تاہم متعدد بڑے نام دھرے کے دھرے رہ گئے، جن میں بھارتی کرکٹر سورو گنگولی، سری لنکن بیٹسمین سنتھ جئے سوریا اور ویسٹ انڈیز کے برائن لارا کے علاوہ کرس گائل، مارک بوچر اور گریم سوان شامل ہیں۔
قبل ازیں ہفتہ کو پہلے دِن کی بولی میں دُنیا کے اس سب سے مہنگے کرکٹ ٹورنامنٹ کے لئے لگائی گئی کھلاڑیوں کی بولی میں بھارتی ٹیسٹ بیٹسمین گوتم گمبھیر 24 لاکھ ڈالر میں بکے۔ یوں وہ اس ٹورنامنٹ کے چوتھے سیزن کے لئے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہیں کولکتہ رائڈرز نے خریدا ہے اور وہ محض چوتھے سیزن کے ہی نہیں بلکہ آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی ہیں۔ اسی ٹیم نے یوسف پٹھان کے لیے 21 لاکھ ڈالر ادا کیے ہیں جبکہ ممبئی انڈینز نے روہیت شرما کو 20 لاکھ ڈالر میں خریدا ہے۔
ان کے مقابلے میں دکن چارجرز نے انگلش بیٹسمین کیون پیٹرسن کو بہت سستے میں خرید لیا ہے۔ ان کے لئے ساڑھے چھ لاکھ ڈالر ادا کیے گئے ہیں۔ اس لیگ میں اب دو نئی ٹیمیں، کوچی اور پونے واریئرز بھی شامل ہو چکی ہیں۔
آئی پی ایل کے نئے سیزن کا آغاز کرکٹ ورلڈ کپ کے محض ایک ہفتے بعد آٹھ اپریل کو ہو جائے گا۔ خیال رہے کہ آئی پی ایل کے ضوابط کے مطابق کھلاڑیوں کی نیلامی میں کسی بھی ٹیم کو 90 لاکھ ڈالر سے زائد رقم خرچ کرنے کی اجازت نہیں۔
رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے
ادارت: افسر اعوان