آسٹریلیا نے ایشز کا اعزاز انگلینڈ سے واپس لے لیا
18 دسمبر 2017آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پرتھ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور اکتالیس رنز سے شکت دی۔ انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 218 رنز بنا سکی۔ آسٹریلوی ٹیم کے تیز بالر ہیزل ووڈ نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کی جانب سے صرف دو کھلاڑی نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔
میچ کا بہترین کھلاڑی آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اسٹیو اسمتھ کو قرار دیا گیا۔ ایشز جیتنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ ایشز کی فاتح ٹیم کی قیادت کرنا حقیقت میں ایک حیران کن احساس کا نام ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیریز شروع ہونے سے قبل تیاری کے مراحل کے دوران ہماری یہی سوچ تھی کہ کس انداز میں بیٹنگ اور بالنگ کی جائے کہ ایشز کو جیتنے میں کامیابی حاصل ہو۔
’آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے پاکستانی دورے کا امکان نہیں‘
ایڈیلیڈ میں بھی پاکستان کو شکست، ڈیوڈ وارنر پھر چھا گئے
یونس خان :گیارہ ملکوں میں سینچری بنانے والا واحد کرکٹر
یہ امر اہم ہے کہ ایشز سے قبل کئی سابق سینیئر کھلاڑیوں نے آسٹریلوی ٹیم کو کمزور قرار دیتے ہوئے خیال ظاہر کیا تھا کہ وہ انگلینڈ سے شکست کھا جائے گی۔ انہوں نے اپنی ٹیم کی بیٹنگ اور بالنگ کو کمزور قرار دیا تھا۔
اسٹیو اسمتھ اور اُن کی ٹیم نے مسلسل تین ٹیسٹ میچ جیت کر ایک طرف انگریز ٹیم کو پوری طرح چِت کر دیا تو دوسری جلنب اپنے ناقدین کے منہ بھی بند کر دیے ہیں۔ ان تین ٹیسٹ میچوں میں کپتان اسٹیو اسمتھ کی کارکردگی سب سے متاثر کن رہی ہے۔ وہ دو سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔ تیسرے ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بناتے ہوئے اپنے کیریئر کا سب سے بڑا اسکور239 بنایا۔
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان جو رُوٹ نے سیریز اور تیسرا ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد میزبان ٹیم کی کارکردگی کو بہت بہتر قرار دیا۔ روٹ کے مطابق آسٹریلوی ٹیم نے اُن کی ٹیم کو ہر شعبے میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انگریز ٹیم کے کپتان نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ میلبورن اور سڈنی ٹیسٹ میچوں میں بہتر کھیل پیش کیا جائے تا کہ تمام ٹیسٹ میچوں میں شکست سے بچا جا سکے۔
پرتھ ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیموں کا اسکور کچھ یوں رہا:
انگلینڈ:۔ پہلی اننگز 403
دوسری اننگر 218
آسٹریلیا:۔ پہلی اننگز، نو کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر 662 رنز اور اننگز ختم کرنے کا اعلان۔