1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اجمل قصاب قصوروار، عدالتی فیصلہ

3 مئی 2010

ممبئی حملوں کیس کے سماعت کرنے والی ایک بھارتی عدالت نے ملزم اجمل قصاب کو مرکزی مجرم قرار دے دیا ہے۔ انہیں سزا منگل کو سنائی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/ND6b
بائیس سالہ پاکستانی شہری اجمل قصابتصویر: AP

عدالت کے مختصر فیصلے کے مطابق ممبئی حملوں میں زندہ بچنے والے واحد حملہ آور محمد اجمل قصاب پر قتل اور بھارت پر جنگ مسلط کرنے کے الزامات ثابت ہوئے ہیں۔

26نومبر سن دو ہزارآٹھ کو بھارتی شہرممبئی ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے سلسلے میں دو بھارتی شہریوں صباح الدین اورفہیم انصاری کو بھی گرفتار کیا گیا تھا تاہم عدالت نے انہیں باعزت بری کردیا۔

اس خصوصی عدالت کے جج ایم ایل تاہالیانی نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ بائیس سالہ پاکستانی شہری اجمل قصاب پرCST ٹرین اسٹیشن پرقتل عام اوربھارت پرجنگ مسلط کرنے کے الزامات ثابت ہو گئے ہیں۔ اجمل قصاب کو سزا منگل کو سنائی جائے گی۔ ان الزامات میں مجرم قراردئے جانے کے بعد انہیں سزائے موت بھی سنائی جا سکتی ہے۔ ممبئی پر ہوئے حملوں کے سترہ ماہ بعد عدالت نے فیصلہ سنایا ہے۔ 26 نومبر سن دو ہزارآٹھ کو دس حملہ آوروں نے بھارتی اقتصادی شہ رگ ممبئی پر اچانک حملہ کیا تھا اور تقریباً باسٹھ گھنٹوں تک جاری رہنے والی لڑائی کے بعد نو حملہ آور ہلاک کر دئے گئے تھے جبکہ اجمل قصاب کو زندہ گرفتار کر لیا گیا تھا۔

Mumbai Anschläge Gerichtsverhandlung Ajmal Kasab
عدالت کے باہر سخت سیکیورٹی تعینات تھیتصویر: AP

پیرکو عدالت نے جب فیصلہ سنایا تو اجمل قصاب، فہیم انصاری اور صباح الدین احمدعدالت میں موجود تھے۔ فہیم انصاری اورصباح الدین احمد پر الزام تھا کہ انہوں نے بھی ان حملوں کی سازش کی اور اہداف کے نقشے تیارکئے تھے۔

عدالت نے کہا کہ ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی پاکستان میں کی گئی اور اس سلسلے میں عدالت نے لشکرطیبہ کے رہنما حافظ سعید اورذکی الرحمان لکھوی کو بھی قصوروار قرار دیا۔

خصوصی عدالت کے جج ایم ایل تاہالیانی نے کہا: ’’ یہ قتل عام کا سادہ سا عمل نہیں تھا بلکہ یہ جنگ تھی۔ ‘‘ پندرہ سو بائیس صفحات پر مشتمل اپنے فیصلے کی سمری میں جج نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں جیسی واردات کی تیاری کوئی عام مجرم نہیں کرسکتا، یہ تیاری صرف وہی کر سکتا ہے جو جنگ مسلط کرنا چاہتا ہو۔

نومبر2008ء کو ممبئی کے مختلف مقامات پر دہشت گردانہ حملوں میں کم از کم 166 افراد ہلاک اورتین سو سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ بھارتی حکام کے مطابق ان حملوں میں پاکستانی انتہا پسند تنظیم لشکر طیبہ ملوث تھی اسی لئے ان حملوں کے بعد بھارت اور پاکستان کے مابین تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے اورپانچ سال سے جاری دوطرفہ مذاکراتی عمل تعطل کا شکار ہو گیا ۔

اجمل قصاب پرکُل چھیاسی الزامات عائد کئے گئے تھے اورعدالتی کارروائی کے دوران ایف بی آئی کے اہلکاروں سمیت کل 658 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے۔

Ajmal Amir Kasab Mumbai
اجمل قصاب کو سزا منگل کو سنائی جا ئے گیتصویر: AP

بھارتی وزیر داخلہ پی چدم مبرم نے عدالتی فیصلے کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ یہ پاکستان کے لئے ایک پیغام ہے کہ وہ بھارت میں دہشت گردی نہ پھیلائیں، انہوں نے کہا: ’’ اگرپاکستان ایساکرتا ہے تو ہم دہشت گردوں کو گرفتار کریں گے، ہم اس قابل ہیں کہ انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائیں اورانہیں مثالی سزا دیں۔‘‘ پی چدم برم نے کہا کہ یہ مقدمہ بھارتی عدالتی نظام کی جیت ہے اوراس سےثابت ہوتا ہے کہ بھارت میں قانون کا راج ہے۔

پاکستان اوربھارتی وزرائے اعظم کی ملاقات کے کچھ دنوں بعد ہی اجمل قصاب کے خلاف جاری مقدمے کا فیصلہ سنایا گیا ہے۔ سارک کانفرنس کے دوران بھوٹان میں ہوئی دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات کے دوران من موہن سنگھ اور یوسف رضا گیلانی نے ہمسایہ ممالک کے مابین تعلقات معمول پر لانے کے لئے مثبت اقدامات کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید