1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسامہ بن لادن کی ہلاکت: اوباما کا پاکستان پر دباؤ

9 مئی 2011

امریکی صدر باراک اوباما کے مطابق القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کو پاکستان کے بعض حلقوں کی حمایت حاصل رہی ہو گی۔

https://p.dw.com/p/11Bo9
امریکی صدر باراک اوباماتصویر: dapd

امریکی صدر باراک اوباما نے امریکی ٹی وی ’سی بی ایس‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ یہ پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کی تحقیق کرے کہ کس طرح اسامہ بن لادن کئی برسوں تک پاکستان میں روپوش رہا۔ اوباما کا کہنا تھا کہ ان کا خیال ہے کہ اسامہ کے لیے یقیناً پاکستان میں ایک ’سپورٹ نیٹ ورک‘ تھا۔

امریکی صدر کا بہرحال یہ بھی کہنا تھا کہ یہ ضروری نہیں ہے کہ القاعدہ کے رہنما کے لیے یہ امداد پاکستانی حکومت کی جانب سے ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اس معاملے کی تحقیقات کرنا ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ بھی اس امر کی تحقیق کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ پیر کی صبح دنیا کے سب سے مطلوب دہشت گرد اور القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو پاکستان کے شمالی شہر ایبٹ آباد میں امریکی افواج نے ایک خفیہ آپریشن کر کے ہلاک کردیا تھا۔

Osama bin Laden / Pakistan / USA
حال ہی میں ریلیز کی گئی اسامہ بن لادن کی ایک وڈیو کا عکستصویر: AP

امریکی صدر اوباما نے انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ امریکہ پاکستانی حکّام کے زیرِ حراست اسامہ کی تین بیویوں تک رسائی حاصل کرنا چاہتا ہے تاکہ ان سے پوچھ گچھ کی جا سکے۔

حال ہی میں امریکی حکّام نے ابیٹ آباد میں اسامہ کے ٹھکانے سے حاصل کی جانے والی ویڈیو ٹیپس کے بعض حصّے ریلیز کیے تھے،جس میں اسامہ کو اس کے گھر میں دکھایا گیا ہے۔

امریکہ میں یہ بحث زور و شور سے جاری ہے کہ کس طرح اسامہ بن لادن پانچ برسوں سے زائد عرصے تک پاکستان میں موجود رہا اور پاکستانی حکّام کو اس کی خبر بھی نہ ہوئی۔ ایک مرتبہ پھر پاکستان کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کا کردار زیرِ بحث ہے، جس پر شدّت پسندوں کی حمایت کا الزام تواتر کے ساتھ لگایا جاتا رہا ہے۔ آئی ایس آئی اور پاکستانی حکّام اس الزام کی تردید کرتے ہیں۔

دریں اثناء واشنٹگن انتظامیہ نے امریکی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کہا ہے کہ صدر اوباما کا یہ دورہ کبھی بھی حتمی نہیں تھا۔ مبصرین کے مطابق اس صورتِ حال میں اوباما کا پاکستان کا دورہ ممکن نہیں ہے اور آئندہ کچھ روز میں امریکہ اسامہ بن لادن اور شمالی وزیرستان میں حقّانی گروپ کے خلاف آپریشن کے حوالے سے پاکستان پر دباؤ بڑھا سکتا ہے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں