الحویجہ میں بھی ’اسلامک اسٹیٹ‘ کو شکست، عراقی فوج قابض
5 اکتوبر 2017عراقی فوج نے بدھ چار اکتوبر کو صوبے کرکوک میں واقع اہم شہر الحویجہ کے اطراف میں زور دار حملوں کے بعد مسلسل پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں اس شہر میں جہادیوں کو شکست کا سامنا رہا۔ آج پانچ اکتوبر کی صبح عراقی فوج کے آپریشن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عبدالامیر یار اللہ نےاعلان کیا کہ الحویجہ میں بھی جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کو شکست دے کر باہر نکال دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب شہر کو بارودی سرنگوں اور نصب شدہ بموں سے صاف کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
داعش کے ہاتھوں ہلاک ہونے والا فوجی ایران میں ہیرو
جرمنی میں داعش کے مبینہ ’بے چہرہ‘ سربراہ پر مقدمے کا آغاز
عراق میں 40 سے زائد سنی مجرموں کو تختہٴ دار پر لٹکا دیا گیا
’داعش‘ کی 16 سالہ جرمن دلہن کو عراق میں سزائے موت کا سامنا
الحویجہ کو شامی سرحد کے قریبی علاقوں میں جہادیوں کا ایک بڑا گڑھ تصور کیا جاتا تھا۔ اس کا قبضہ چھڑانے کی مہم میں عراقی فورسز کو جنگی حکمت عملی مرتب کرنے میں امریکی فوج کے اہلکاروں کی معاونت حاصل تھی۔ داعش کو شکست دینے کے لیے قائم امریکی قیادت والے عسکری اتحاد کے جنگی طیارے بھی عسکریت پسندوں کو نشانہ بناتے رہے۔ اب شمالی عراق میں شام کی سرحد کے ساتھ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے قبضے میں علاقے کا حجم عراقی فوج کی مسلسل کامیابیوں کے بعد انتہائی سکڑ کر رہ گیا ہے۔ موصل اور تل عفر میں سے داعش کو پہلے ہی شکست دی جا چکی ہے۔
اقوام متحدہ نے بتایا ہے کہ الحویجہ کی عسکری مہم کی وجہ سے تقریباً ساڑھے بارہ ہزار افراد کو شہر میں سے نکل مکانی کرنا پڑی ہے۔ اس سے قبل اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امداد کے ادارے نے بتایا تھا کہ اس فوجی آپریشن کے باعث الحویجہ میں سے مجموعی طور پر 78 ہزار انسانوں کو بےگھری کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ان افراد کے لیے اس شہر کے قریبی علاقوں میں خیمے نصب کیے جا چکے ہیں۔
الحویجہ کا قبضہ چھڑانے والے فوجی دستوں کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عبدالامیر یار اللہ نے گزشتہ روز ہی نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا تھا کہ عراق کی فوج، فیڈرل پولیس اور سریع الحرکت فوج کے مشترکہ حملوں سے جہادیوں کے قدم اکھڑ گئے ہیں اور اب قبضہ چند گھنٹوں کی بات ہے۔ اسی طرح فیڈرل پولیس کے سربراہ رعد شاکر نے بھی بدھ چار اکتوبر کی شام کو بتایا تھا کہ اُن کے مسلح اہلکار الحویجہ کے نواحی علاقے ریاض پر قبضے کے بعد آگے بڑھ گئے ہیں۔
عراقی فوج نے الحویجہ پر قبضے کی مہم اکیس ستمبر کو شروع کی تھی۔