1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا کی نیت پر شکوک وشبہات ہیں، طالبان سربراہ

8 اگست 2019

افغان طالبان کے سربراہ  مُلا ہیبت اللہ اخونزادہ نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا اپنے قول وفعل سے افغانستان میں جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کے بارے میں  شکوک پیدا کر رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3NYeZ
تصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Gal

عید سے پہلے اپنے ایک پیغام میں مُلا ہیبت اللہ نے کہا کہ امریکی حکام کی طرف سے متضاد بیانات اور سویلین آبادی پر اندھادھند بمباری سے اس کی نیت پر شکوک پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان افغانستان میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے سنجیدگی سے مذاکرات کر رہے ہیں لیکن امریکا اپنے اقدامات اور بیانات سے بے یقینی پیدا کر رہا ہے۔

ان کا یہ بیان کابل میں طالبان کے تازہ خودکش حملے کے محض ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔ بدھ کے روز کیے گئے اس کار بم حملے میں کم از کم چودہ لوگ مارے گئے اور ایک سو پینتالیس زخمی ہوئے۔ افغان حکام کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والوں میں اکثریت عام شہریوں کی تھی۔ اس حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ اس کا نشانہ افغان سکیورٹی فورسز تھیں۔

Afghanistan Kabul Zalmay Khalilzad und Ashraf Ghani
تصویر: picture-alliance/EPA/S. J. Sabawoon

طالبان اور امریکا دونوں کہتے رہے ہیں کہ وہ  قیام امن کی کوششوں کا سلسلہ تیز کرنے کے خواہاں ہیں۔ تاہم قطر میں جاری مذاکراتی عمل کے باوجود افغانستان میں پرتشدد واقعات میں کوئی کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔

فریقین کے درمیان مذکرات کا آٹھواں دور ابھی گزشتہ ہفتے دوحہ قطر میں ہوا، جس کے بعد امریکی ایلچی زلمے خلیل زاد اور طالبان دونوں پرامید نظر آئے کہ وہ مسئلے کے حل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

امریکا کے مطابق طالبان کے ساتھ مجوزہ امن معاہدے میں یقینی طور پر امریکی فوج کے انخلا کا عمل شامل ہو گا اور افغانستان میں امریکی موجودگی کی شرائط کو بھی شامل کیا جائے گا۔

 طالبان کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وہ ممکنہ معاہدے پر عمل درآمد کے لیے ضمانتیں فراہم کریں گے لیکن تب تک بظاہر ان کی طرف سے حملوں اور کاروائیوں میں کمی آنے کی بجائے تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔

Afghanistan Peace Talks
تصویر: picture alliance/AP Photo
اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں