1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا کے خلاف سازش، ٹرمپ کے سابق قریبی مشیر پر فرد جرم عائد

مقبول ملک اے ایف پی
30 اکتوبر 2017

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق قریبی رفیق پال مانافورٹ اور ان کے ایک کاروباری پارٹنر پر امریکا کے خلاف سازش اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ مانافورٹ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سربراہ بھی رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2mklw
پال مانافورٹتصویر: picture alliance/abaca/O. Douliery

امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے پیر تیس اکتوبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق 2016ء کے امریکی صدارتی انتخابات کی مہم کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ پر یہ الزامات بھی عائد کیے جاتے رہے ہیں کہ انہیں مبینہ طور پر روس کی حمایت بھی حاصل رہی تھی، جس کا مقصد یہ تھا کہ ریپبلکن امیدوار ٹرمپ کی حریف ڈیموکریٹ خاتون امیدوار اور سابقہ خاتون اول ہلیری کلنٹن کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جائے۔

USA Donald Trump und Paul Manafort
ڈونلڈ ٹرمپ اور پال مانافورٹ (دائیں) کی گزشتہ برس جولائی میں ریپبلکن نیشنل کنوینشن کے موقع پر لی گئی ایک تصویرتصویر: Reuters/R. Wilking

انصاف کا راستہ روکنے کا شبہ، ’خود ٹرمپ کے خلاف بھی چھان بین‘

ٹرمپ کے روس سے رابطے: پانچ امریکی ادارے چھان بین میں مصروف

ٹرمپ ذہین ہیں، ذہانت سے صدارتی کردار نبھائیں گے، صدر پوٹن

اس بارے میں ٹرمپ اپنے اور اپنی انتخابی مہم کے عہدیداروں کے خلاف لگائے جانے والے تمام الزامات کی تردید کرتے آئے ہیں۔ لیکن امریکا میں اس معاملے کے بہت زیادہ پھیل جانے کے بعد گزشتہ برس کی صدارتی انتخابی مہم میں روس کی مبینہ مداخلت کی چھان بین کے لیے جو وسیع تر تفتیشی عمل شروع کیا گیا تھا، اب اس کا پہلا ٹھوس نتیجہ نکل آیا ہے۔

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سابق سربراہ پال مانافورٹ اور ان کے ایک بزنس پارٹنر رِک گیٹس پر اب امریکا کے خلاف سازش اور کالے دھن کو سفید بنانے کے الزمات کے تحت باقاعدہ فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔

USA Rick Gates & Donald Trump
رِک گیٹس، بائیں، بھی ٹرمپ کی انتخابی مہم کا حصہ رہے ہیںتصویر: picture-alliance/AP Photo/E. Vucci

واشنگٹن سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پال مانافورٹ اور رِک گیٹس پر لگائے گئے الزامات میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر اس بیسیوں ملین ڈالر کی آمدنی کو چھپانے کی کوشش کی، جو انہوں نے یوکرائن کے سابق سیاستدان وکٹر یانوکووچ اور ان کی ماسکو نواز سیاسی جماعت کے لیے کام کرتے ہوئے کمائے تھے۔

ٹرمپ روس تعلقات: FBI کے سابق سربراہ تحقیقاتی افسر مقرر

ایف بی آئی کا امریکی صدر کے قریبی ساتھی کے گھر پر چھاپہ

ٹرمپ نے جرمنی میں پوٹن سے ’ایک غیر اعلانیہ ملاقات‘ بھی کی

روس اور ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے مابین مبینہ رابطوں سے متعلق چھان بین کے لیے امریکی محکمہ انصاف کے نامزد کردہ خصوصی اہلکار رابرٹ میولر نے پیر تیس اکتوبر کو واشنگٹن میں اعلان کیا کہ مانافورٹ اور گیٹس پر مجموعی طور پر 12 الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

یہ اپنی نوعیت کے وہ اولین الزامات ہیں، جو ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سلسلے میں اس مہم کے اعلیٰ اہلکاروں اور روس کے مابین ان مبینہ رابطوں کے تناظر میں عائد کیے گئے ہیں، جن کا مقصد گزشتہ برس نومبر کے الیکشن کے نتائج کو ’ٹرمپ کے حق میں کرنا‘ تھا۔

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ ان دونوں شخصیات پر جو فرد جرم عائد کی گئی ہے، اس میں مالیاتی نوعیت کی بےقاعدگیوں سے متعلق متعدد الزامات شامل ہیں۔ ان میں امریکا کے خلاف سازش کے علاوہ سب سے بڑا الزام یہ ہے کہ مانافورٹ اور گیٹس نے غیر اعلان کردہ جو 75 ملین ڈالر سے زائد کمائے تھے، وہ کئی چھوٹی چھوٹی جزیرہ ریاستوں میں آف شور کمپنیوں کے ذریعے امریکا لائے گئے۔ اس دوران صرف پال مانافورٹ نے مبینہ طور پر 18 ملین ڈالر سے زائد کی منی لانڈرنگ کی۔