1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انسانی حقوق کے لئے بہت کام کی ضرورت ہے، ہو جن تاؤ

20 جنوری 2011

چینی اور امریکی صدور کے مابین اگرچہ انسانی حقوق کے معاملے پر اختلافات برقرار ہیں، تاہم دونوں رہنماؤں نے اقتصادی اور اسٹریٹیجک معاملات پر مل کر کام کرنے کا عہد کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/zzrq
امریکی صدر باراک اوباما اپنے چینی ہم منصب ہو جن تاؤ کے ساتھتصویر: AP

دورہ امریکہ کے دوران ہو جن تاؤ نے یہ اعتراف بھی کیا کہ چین میں انسانی حقوق کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے بہت کچھ کرنا ابھی باقی ہے۔

امریکی صدر باراک اوباما کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران چینی صدر ہو جن تاؤ نے کہا کہ انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے بیجنگ حکومت کی طرف سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ قدرے بے تکلف اس نیوز کانفرنس کو دیکھتے ہوئے ماہرین کا کہنا ہے کہ جس طرح دونوں رہنماؤں نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیے ہیں، اس سے معلوم ہوتا ہے کہ دونوں ممالک نے کرنسی، تجارت اور اسٹریٹیجک معاملات پر کئی اختلافات دُور کر لیے ہیں۔

امریکی صدرباراک اوباما نے ابھرتی ہوئی معیشت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی منڈیوں میں دوستانہ مقابلے کی امید کرتے ہیں۔ امریکی صدر نے اس موقع پر اپنے چینی ہم منصب ہو جن تاؤ پر دھیمے انداز میں اپنے اختلافات واضح کیے اوربیجنگ حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی کرنسی کو مستحکم بنائے اور تبت کے مسئلے کے حل کے لئے دلائی لامہ کے ساتھ مذاکرات شروع کرے۔

Hu Jintao und Barack Obama No Flash
ہو جن تاؤ امریکہ کے چار روزہ دورے پر ہیںتصویر: AP

امریکی صدر نے کہا کہ اگرچہ چین کا سیاسی نظام امریکہ سے مختلف ہے تاہم وہ چین میں انسانی حقوق کی صورتحال پر بات کریں گے، ’بطور امریکی، عالمگیر انسانی حقوق کے حوالے سے ہمارے بڑے واضح نظریات ہیں۔۔۔ اظہارِ رائے، مذہبی اور اجتماع کی آزادی ایسے بنیادی انسانی حقوق ہیں، جو ہماری معاشرت کے عکاس ہوتے ہیں۔‘ اطلاعات کے مطابق اوباما نے اس دوران چین میں حکومت مخالف اور نوبل امن انعام حاصل کرنے والے لیو ژیاباؤکے معاملے پر بھی گفتگو کی ، جو اس وقت چین میں قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

اس سے قبل امریکی حکام نے کہا تھا کہ اپنے دورے میں چینی صدر 45 بلین ڈالر کے معاہدوں کو بھی حتمی شکل دیں گے۔ ان معاہدوں میں بوئنگ مسافر بردار طیاروں کی ڈیل بھی شامل ہے، جس کی مالیت انیس بلین ڈالر بتائی گئی ہے۔ چین کے ساتھ برآمدات کے ان ممکنہ سمجھوتوں کے بعد امریکی صدر باراک اوباما کی سیاسی ساکھ بھی بہتر ہو سکے گی۔ چین کے ساتھ ان نئے سمجھوتوں کی مد میں آنے والی رقوم سے امریکہ میں دو لاکھ 35 ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں