1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انٹرنیشنل کرکٹ: آف اسپنر حفیظ کو پھر سے بولنگ کی اجازت

مقبول ملک
30 نومبر 2016

بین الاقوامی کرکٹ کونسل آئی سی سی نے پاکستانی آل راؤنڈر آف اسپنر محمد حفیظ کے ایکشن کو کلیئر کرتے ہوئے انہیں انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کی اجازت دے دی ہے۔ حفیظ پر دوسری مرتبہ پابندی گزشتہ برس جولائی میں لگائی گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/2TXE3
Mohammad Hafeez
تصویر: AFP/Getty Images/A. Qureshi

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے موصولہ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق حفیظ کو بین الاقوامی کرکٹ میں ایک بار پھر بولنگ کی اجازت دینے کا فیصلہ آئی سی سی نے بدھ تیس نومبر کے روز کیا۔

محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا تکنیکی جائزہ آخری مرتبہ قریب دو ہفتے قبل 17 نومبر کو آسٹریلیا کے شہر برسبین میں لیا گیا تھا اور تب یہ بات پتہ چلی تھی کہ ان کی طرف سے کرائی گئی تمام آف اسپن ڈلیوریز کے دوران ان کے ایکشن میں کہنی کا زاویہ آئی سی سی کی طرف سے طے کردہ 15 ڈگری تک تبدیلی کی برداشت کی حد کے اندر تھا۔

آل راؤنڈر محمد حفیظ پر ان کے بولنگ ایکشن کی وجہ سے پہلی مرتبہ پابندی نومبر 2014ء میں لگائی گئی تھی، جس کے بعد اپریل 2015ء میں ان کے ایکشن کا جائزہ لینے کے بعد انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں بولنگ کرانے کی دوبارہ اجازت دے دی گئی تھی۔

پھر گزشتہ برس جون میں حفیظ کے بولنگ ایکشن کو ایک بار پھر آئی سی سی کو رپورٹ کر دیا گیا تھا۔ایسا گالے میں سری لنکا کے خلاف پاکستانی ٹیم کے ایک ٹیسٹ کے دوران ہوا تھا۔ اس کے بعد جولائی 2015ء میں بین الاقوامی کرکٹ میچوں میں حفیظ کے بولنگ کرانے پر نئے سرے سے 12 ماہ کے لیے پابندی لگا دی گئی تھی۔

Mohammad Hafeez
محمد حفیظ اب تک انٹرنیشنل کرکٹ میں دو سو سے زائد وکٹیں لے چکے ہیںتصویر: AFP/Getty Images/A. Qureshi

اس دوسری پابندی سے قبل ان کے ایکشن کے ایک غیر جانبدارانہ جائزے میں کہا گیا تھا کہ حفیظ 24 ماہ کے دوران دو مرتبہ غیر قانونی بولنگ ایکشن کے مرتکب ہوئے تھے۔

اب آئی سی سی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ محمد حفیظ کو دوبارہ بولنگ کی اجازت تو دے دی گئی ہے تاہم کسی بھی انٹرنیشنل میچ میں امپائر اگر یہ سمجھیں کہ ان کا بولنگ ایکشن مشکوک ہے، تو وہ حفیظ کا ایکشن نئے سرے سے آئی سی سی کو رپورٹ کر سکیں گے۔

اس سلسلے میں انٹرنیشنل امپائروں کو ان کے فیصلوں میں مدد دینے کے لیے محمد حفیظ کے ترمیم شدہ بولنگ ایکشن کی تصویروں کے علاوہ ویڈیو فوٹیج بھی مہیا کی جائے گی۔

محمد حفیظ اب تک انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے کھیلتے ہوئے ایک بولر کے طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں 52، ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں 129 اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 46 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں