1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اٹلی نے بھی بچتی پیکیج کا اعلان کر دیا

26 مئی 2010

اطالوی حکومت نے اگلے مالی سال کے لئے 24 بلین یورو کے ایک ہنگامی بچتی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ یورو زون میں شامل ممالک میں اٹلی وہ سب سے بڑی معیشت ہے، جس نے ایسے کسی پیکیج کی منظوری دی ہے۔

https://p.dw.com/p/NXvS
تصویر: AP

اطالوی حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اس بچتی پیکیج کے اعلان کی وجہ اخراجات اور محصولات کے درمیان توازن قائم کرنا ہے۔ یورپی یونین میں شامل ممالک میں ڈنمارک اور برطانیہ پہلے ہی اخراجات میں کمی کے حوالے سے اقدامات کا اعلان کر چکے ہیں۔

اٹلی کی حکومت کے اعلان کردہ اس پیکیج کے تحت پبلک سیکٹر میں تنخواہوں میں کمی کی جائے گی۔ اس اعلان کے تحت متوقع طور پر پینشنوں اور مقامی حکومت کے اخراجات میں بھی کمی کی جا سکتی ہے۔ اخراجات میں کٹوتی کا یہ منصوبہ مالیاتی طور پر اٹلی کی مجموعی قومی پیداور کے ایک اعشاریہ چھ فیصد کے برابر بنتا ہے۔

Anti Berlusconi Demonstration
اطالوی حکومت کو پہلے ہی داخلی تنقید کا سامنا ہےتصویر: AP

اسی طرح کے بچتی منصوبے یونان، سپین اور پرتگال کی حکومتی بھی نافذ کر چکی ہیں۔ اٹلی میں چند مقامات پر مزدوروں کی جانب سے اس ہنگامی بچتی منصوبے کے خلاف مظاہروں کی بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ روم میں اطالوی انسٹیٹیوٹ برائے پیشہ وارانہ ترقی و تربیت کے ملازمین نے ہیڈکوارٹر کے لئے بجٹ میں کمی کے خلاف مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ملازمین کا کہنا تھا کہ اطالوی پبلک سیکٹر پہلے ہی ایک بڑی قیمت چکا رہا ہے۔ حکومت کو امید ہے کہ ان اقدامات سے بجٹ خسارہ پانچ اعشاریہ تین فیصد سے کم ہو کر تین فیصد تک آ جائے گا۔

یورپی یونین کے ہیڈکوارٹر برسلز میں اٹلی کے ان اقدامات کو سراہا گیا ہے۔ بدھ کو یونین کے کرنسی کے امور سے متعلق کمشنر اولی ریہن کے ترجمان نے بتایا کہ روم حکومت کے یہ اقدامات درست سمت میں اٹھائے جانے والے اقدامات ہیں۔ بجٹ میں بھاری خسارے کی بناء پر اٹلی کے خلاف یورپی کمیشن کی جانب سے کارروائی جاری ہے۔ اٹلی کے ذمہ واجب الادا قرضے اُس کی مجموعی قومی پیداوار کا 116 فیصد بنتے ہیں جبکہ اجازت صرف 60 فیصد تک کی ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر / خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں