اپنے ضمیر بیچنے والے خود کو بے نقاب کر رہے ہیں، عمران خان
3 اگست 2017پی ٹی آئی کی سابق رکن عائشہ گلالئی نے عمران خان پر ’بد کردار‘ ہونے جیسے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے گلا لئی کے عائد کردہ الزامات کو مسلم لیگ نون کا عمران خان کے خلاف پراپیگینڈا قرار دیا ہے۔
اس سیاسی جماعت نے یہ بھی کہا کہ عائشہ گلالئی نے مسلم لیگ نون سے پیسے لینے کے عوض عمران خان کے خلاف مہم چلائی ہے۔
دوسری جانب عائشہ گلالئی ان الزامات کو مسترد کر چکی ہیں۔ گزشتہ روز گلالئی نے کئی ٹی وی پروگراموں اپنا موقف دہراتے ہوئے ایک مرتبہ پھر عمران خان پر تنقید کی اور کہا کہ اس سیاسی جماعت میں خواتین کی عزت محفوظ نہیں ہے۔
عمران خان اب تک اس معاملے پر خاموش تھے لیکن آج انہوں نے سماجی ربطے کی ویب سائٹ ٹویٹر سے کئی پیغامات جاری کیے۔ عمران خان نے لکھا،’’ میں شریف اور میر شکیل الرحمان کو چیلنج کرتا ہوں، کہ وہ جس حد تک گر سکتے ہیں گریں۔ میری اور میری سیاسی جماعت کی جدو جہد جاری رہے گی۔‘‘ ایک اور ٹوئٹ میں عمران خان نے لکھا،''مجھے نا اہل قرار دیے جانے اور بد نام کرنے کی مہم ناکام ہونے کے بعد اب مسلم لیگ نون وہ کر رہی ہے جس میں وہ سب سے اچھی ہے۔‘‘
واضح رہے کہ عائشہ گلالئی نے گزشتہ روز بھی خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک پر مالی بدعنوانیوں کے الزامات عائد کیے تھے۔ اس حوالے سے عمران خان نے اپنے ٹوئٹ پیغام میں لکھا ،’’ میں اپنے سکریٹری خزانہ کی مالی معاملات کی دیکھ بھال کرنے پر تعریف کرتا ہوں اور اس عزم کی جس سے وہ صوبے کے مالی معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔‘‘
عمران خان نے ایک ٹوئٹ میں اپنے کارکنانوں کو یہ تنبیہ بھی کی کہ وہ عائشہ گلالئی کی بہن ماریہ وزیر کو نشانہ نہ بنائیں۔ عائشہ کی بہن پاکستان کی نامور اسکاش کھلاڑی ہیں اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔