1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستشمالی امریکہ

اگلے ہفتے بھارتی وزیر اعظم مودی سے ملاقات کروں گا، ٹرمپ

18 ستمبر 2024

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اگلے ہفتے نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ بھارتی وزیر اعظم کئی سرکاری تقریبات میں شرکت کے لیے امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں اور ان کی صدر جو بائیڈن سے بھی ملاقات طے ہے۔

https://p.dw.com/p/4kkMq
ٹرمپ نے ایک طرف بھارت کو تجارتی قوانین کی خلاف ورزی  کرنے والا ملک قرار دیا لیکن دوسری جانب مودی کو "شاندار" شخصیت کا مالک بھی کہا
ٹرمپ نے ایک طرف بھارت کو تجارتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والا ملک قرار دیا لیکن دوسری جانب مودی کو "شاندار" شخصیت کا مالک بھی کہاتصویر: AFP/M. Sharma

سابق امریکی صدر اور آئندہ صدارتی انت‍خابات میں ریپبلیکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو کہا کہ وہ اگلے ہفتے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔

مودی میرے دوست ہیں تو بھارتی امریکی مجھے ہی ووٹ دیں گے، ٹرمپ

ٹرمپ نے یہ اعلان مشیگن میں ایک انتخابی مہم کے دوران کیا۔ انہوں نے ایک طرف بھارت کو تجارتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والا ملک قرار دیا لیکن دوسری جانب مودی کو "شاندار" شخصیت کا مالک بھی کہا۔ ٹرمپ نے ملاقات کے مقام کی تفصیلات بتائے بغیر  کہا کہ "وہ اگلے ہفتے مجھ سے ملنے آرہے ہیں۔"

’مودی کا موڈ ٹھیک نہیں ہے‘: ٹرمپ

بھارت کی وزارت خارجہ نے منگل کو مودی کے امریکی دورے کا شیڈول جاری کیا لیکن اس میں ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کا کوئی ذکر نہیں۔

صدر جو بائیڈن 21 ستمبر کو کواڈ کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کریں گے
صدر جو بائیڈن 21 ستمبر کو کواڈ کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کریں گےتصویر: Jonathan Ernst/REUTERS

بائیڈن 'کواڈ رہنماؤں' کی میزبانی کریں گے

صدر جو بائیڈن 21 ستمبر کو امریکی ریاست ڈیلاویئر میں "کواڈ" کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کریں گے جس میں مودی، آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز اور جاپانی وزیر اعظم کشیدا فومیو بھی شریک ہو رہے ہیں۔ بھارت کی وزارت خارجہ کے مطابق، مودی اپنے دورے کے دوران نیویارک میں کچھ سرکاری تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔

حالیہ مہینوں میں، بائیڈن سے ملاقات اور دیگر سربراہی اجلاسوں کے لیے امریکہ کا دورہ کرنے والے کچھ عالمی رہنما ٹرمپ سے بھی مل چکے ہیں۔ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار کا مقابلہ نائب صدر کملا ہیرس سے ہے۔

ٹرمپ مودی تعلقات

سابق صدر کے دور میں ٹرمپ اور مودی کے درمیان کافی گرم جوش تعلقات تھے۔ مودی کے 2019 کے دورہ امریکہ کے دوران، دونوں نے "ہاؤڈی، مودی!" میں ایک دوسرے کی تعریف کی تھی۔ ٹیکساس میں منعقدہ اس تقریب میں 50,000 سے زائد افراد نے شرکت کی تھی۔

ٹرمپ جب 2020 میں بھارت کے دورے پر آئے تھے، تو مودی نے ٹرمپ کے لیے ایک بڑی ریلی کی میزبانی کی تھی، جہاں لوگوں کے ایک ہجوم نے "نمستے ٹرمپ" ٹوپیاں پہن رکھی تھیں۔

ج ا ⁄    ش ر    ( اے ایف پی، روئٹرز)