1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، بائرن میونخ کی فرائی برگ کے خلاف فتح

30 اکتوبر 2010

جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا میں دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ نے جمعہ کے روز کھیلے گئے میچ میں فرائی برگ کو دو کے مقابلے میں چار گولوں سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/PuIV
تصویر: AP

اپنے کئی سٹار کھلاڑیوں کی غیر موجودگی میں میدان میں اترنے والی بائرن میونخ کی ٹیم گزشتہ کئی میچ ڈیز میں مسلسل ناکامیوں کے بعد اب کچھ سنبھلتی دکھائی دے رہی ہے۔ جمعے کے روز فرائی برگ کے خلاف بائرن میونخ کے جارحانہ کھیل نے میچ پر اپنی گرفت کمزور نہیں پڑنے دی۔ بائرن میونخ کی طرف سے Pranjic nor Demichelis ، ماریو فومیز اور اناتولی تیموشُک نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح کی راہ ہموار کی اور ٹونی کروس نے بائرن میونخ کی طرف سے چوتھا گول کر کے اس فتح کو یقینی بنا دیا۔

Fußball 1. Bundesliga 9. Spieltag Bayer 04 Leverkusen - FSV Mainz 05 Flash-Galerie
مائنز کی ٹیم بنڈس لیگا میں اس وقت سر فہرست ہےتصویر: AP

کھیل کے آغاز میں بائرن میونخ کی ٹیم اگرچہ دباؤ کا شکار دکھائی دی تاہم میچ کے 39 ویں منٹ میں Pranjic nor Demichelis نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جس کے بعد بائرن میونخ کی ٹیم اچانک غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کر کے مخالف گول پر یکے بعد دیگرے حملے کرنے لگی۔

اس فتح کے بعد بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ کی ٹیم کی پوزیشن میں قدرے بہتری آئی ہے۔ اب بائرن میونخ پندرہ پوائنٹس کے ساتھ اس فہرست میں ساتویں نمبر پر ہے۔ اس فہرست میں آٹھواں نمبر فرائی برگ کی ٹیم کا ہے۔

بنڈس لیگا چارٹس میں 24 پوائنٹس کے ساتھ مائنز کی ٹیم سب سے اوپر ہے۔ دوسرے نمبر پر بوروسیا ڈوٹمنڈ کی ٹیم ہے، جس کے 22 پوائنٹس ہیں۔

آج کھیلے جانے والے میچوں میں کائزرلاؤٹرن کا مقابلہ میونشن گلاڈباخ سے ہو رہا ہے۔ کولون کی ٹیم ہیمبرگ کے مدمقابل آ رہی ہے جبکہ سینٹ پاؤلی کو فرینکفرٹ کا سامنا کرنا ہے۔ وولف برگ کی ٹیم کا مقابلہ شٹٹ گارٹ سے ہے اور بریمن کی ٹیم نیورمبرگ کے مدمقابل ہے۔ آج کے روز کا آخری مقابلہ شالکے اور لیورکوزن کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔

Flash-Galerie Europa League Borussia Dortmund - Paris Saint Germain
ڈورٹمنڈ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہےتصویر: AP

اتوار کے روز لیگ کی پہلے اور دوسرے نمبر کی ٹیموں مائنز اور ڈورٹمنڈ کا مقابلہ ہو گا۔ یہ مقابلہ اس لئے بھی اہم اور دلچسپ تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ مائنز کی شکست کی صورت میں لیگ ٹیبل پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم ٹاپ پوزیشن حاصل کر سکتی ہے۔ اتوار کے روز دوسرا میچ ہوفن ہائم اور ہینوور کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید