بنڈس لیگا: نمبروَن ٹیم، تبدیلی کا امکان
24 اکتوبر 2010نویں میچ ڈے کی شروعات جمعہ، بائیس اکتوبر سے ہو چکی ہے۔ پہلے روز ایک میچ کھیلا گیا اور اس میں بائرن میونخ اور ہیمبرگ کی ٹیمیں بغیر کسی گول کے برابر رہیں۔ چیمپیئنز لیگ میں کامیابی کے باوجود میونخ کے ریکارڈ ساز کلب کی بنڈس لیگا میں قسمت ابھی تک کھل نہیں سکی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ کی ٹیم سردست گیارہویں مقام پر ہے۔ ہیمبرگ کا کلب پانچویں پوزیشن پر ہے۔ میونخ کے کلب کی بہتر کارکردگی نہ دکھانے کی وجہ امکانی طور پر اس کے فرنٹ لائن کھلاڑیوں کی انجری کے باعث عدم دستیابی ہے۔
ہفتہ کے روز پانچ میچ کھیلے گئے۔ فرینکفرٹ اور شالکے کے کلبوں نے بھی بغیر کسی گول کے میچ برابری پر ختم کیا۔ مؤنشن گلاڈ باخ اور بریمن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ بریمن کی ٹیم نے تین گول سے جیتا۔ وقفے پر بریمن کلب نے دو گول کر رکھے تھے۔ وقفے کے بعد بریمن کی ٹیم نے مزید دو گول کئے اور اس دوران مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیم کو بھی ایک گول کا موقع ملا۔ اس شکست کے بعد بریمن کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں تھوڑا اوپر پہنچ گئی ہے۔
مؤنشن گلاڈ باخ کی شکست سے شالکے کلب کو یہ فائدہ ہوا کہ وہ آخری تین ٹیموں کے زون سے باہر آ گئی ہے اور اب شالکے کلب پندرہویں پوزیشن پر ہے۔ بنڈس لیگا میں پوائنٹس ٹیبل کی آخری تین ٹیمیں ریڈ زون میں ہوتی ہیں اور چیمپیئن شپ کے اختتام پر یہ ٹیمیں دوسرے درجے میں دھکیل دی جاتی ہیں۔ آج کل آخری تین پوزیشنوں پر مؤنشن گلاڈ باخ، کولون اور اشٹٹ گارٹ کی ٹیمیں ہیں۔ گزشتہ روز کے ایک اور میچ میں فرائی برگ کی ٹیم نے کائزرزلاؤٹرن کو ایک گول کے جواب میں دو گول سے ہرا دیا۔ کولون کی ٹیم کو بھی ہینوور کلب کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ نیورمبرگ کی ٹیم نے وولفسبرگ کی ٹیم کو ہرایا۔
پوائنٹس ٹیبل پر ہوفن ہائیم ساتویں، بریمن آٹھویں، فرینکفرٹ نویں پوزیشن پر ہیں۔ درجہ دوم سےکوالیفائی کرنے والی سینٹ پاؤلی کا مقام دسواں ہے۔ ایک اور کوالیفائی کرنے والی ٹیم کائزرزلاؤٹرن چودہویں مقام پر ہے۔ دوسرے درجے سے فرسٹ لیول میں کھیلنے والی تیسری ٹیم نیورمبرگ کی ہے اور وہ بارہویں پوزیشن پر ہے۔
بنڈس لیگا کے نویں میچ ڈے میں اتوار کو تین انتہائی اہم میچ کھیلے جا رہے ہیں۔ ان میں ہوفن ہائیم کا میچ ٹاپ پوزیشن کی ٹیم ڈورٹمنڈ سے ہو گا۔ دوسری پوزیشن کی ٹیم مائنز کا میچ لیورکوزن سے ہو گا۔ مائنز یا ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس میں کمی بیشی سے ٹاپ پوزیشنوں میں یقینی طور پر ردوبدل ہو سکتا ہے۔ یہ ردو بدل انہیں ٹیموں کے درمیان رہے گا۔ تیسرا میچ سینٹ پاؤلی اور اشٹٹ گارٹ کی ٹیمیں کھیلیں گی۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: ندیم گِل