بنڈس لیگا، لیورکوزن نے بھی شالکے کو شکست دے دی
31 اکتوبر 2010گزشتہ دس میچوں میں شالکے کی ٹیم صرف ایک میچ میں فتح حاصل کر پائی ہے۔ پچھلی مرتبہ بنڈس لیگا میں دوسرے نمبر پر آنے والی شالکے کی ٹیم کی پے در پے شکستوں کے بعد کوچ فیلیکس ماگاتھ پر دباؤ میں شدید اضافہ ہوا ہے۔ لیورکوزن کی ٹیم شالکے کو شکست دینے کے بعد بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر آ گئی ہے۔
گزشتہ ہفتے تک انتہائی بری کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم کولون، جو اس وقت تک لیگ میں سب سے آخری یعنی 18 ویں پوزیشن پر تھی، ہفتے کو ہیمبرگ کو تین دو سے شکست دینے کے بعد لیگ میں 15 ویں پوزیشن پر آ گئی ہے۔ کولون کی طرف سے Milivoje Novakovic نے ہیٹ ٹرک کی جبکہ اس سے قبل Novakovic کو میدان میں اتارا ہی نہیں جا رہا تھا۔ کولون نے گزشتہ ہفتے اپنے کوچ Zvonimir Soldo کو برطرف کر کے ان کی جگہ فرانک شیفر کو نیا کوچ مقرر کیا تھا۔ بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں کولون کی یہ دوسری فتح ہے۔
ہفتے کے روز کھیلے گئے ایک اور میچ میں بریمن کی ٹیم کو نیورمبرگ کی ٹیم نے دو کے مقابلے میں تین گولوں سے شکست دے دی۔
لیگ میں اب سب سے آخری پوزیشن پر میونشن گلاڈباخ کی ٹیم ہے۔ ہفتے کے روز کائزرلاؤٹرن نے میونشن گلاڈباخ کو صفر کے مقابلے میں تین گولوں سے شکست دی۔ ایک اور میچ میں وولفس برگ نے شٹٹ گارٹ کی ٹیم کو دو صفر سے ہرا دیا جبکہ فرینکفرٹ نے سینٹ پاؤلی کو تین ایک سے شکست دی۔
آج اتوار کے روز لیگ کی ٹاپ ٹو ٹیمیں مائنز اور ڈورٹمنڈ مدمقابل آ رہی ہیں۔ مائنز چوبیس پوائنٹس کے ساتھ لیگ میں پہلے جبکہ ڈورٹمنڈ بائیس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ لیورکوزن بنڈس لیگا چارٹس میں اس وقت 18 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔ فرینکفرٹ کی ٹیم لیگ چارٹس میں 16 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے جبکہ ہینوور کی ٹیم کے بھی 16 پوائنٹس ہیں تاہم وہ کم گول اوسط کی بنیاد پر پانچویں پوزیشن پر ہے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : افسر اعوان