1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ پہلی پوزیشن پر

1 نومبر 2010

جرمنی کی قومی فٹبال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کا دسواں میچ ڈے مکمل ہوگیا ہے۔ اتوار کے روز کھیلے گئے ایک اہم میچ میں ڈورٹمنڈ کی ٹیم مائنزکو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کرپوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست پہنچ گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/PvE4
ڈورٹمنڈ اور مائنز کے میچ کا منظرتصویر: dpa

دسویں میچ ڈے کے اختتامی روز پوائنٹس ٹیبل کی دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے ایک اہم میچ میں ڈورٹمنڈ کے نوجوان کھلاڑی ماریو گوئٹزے نے کھیل کے 26 ویں منٹ میں پہلا گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔ کھیل کے 67 ویں منٹ میں ہونے والے دوسرے گول میں بھی گوئٹزے نے اہم کردار اداکرتے ہوئے ایک بہترین پاس ساتھی کھلاڑی لوکاس باریوس کو دیا جنہوں نے اس موقع سے فائدہ اٹھا کر رواں سیزن کا اپنا پانچواں گول کرکے میچ پر اپنی ٹیم کی گرفت مضبوط کردی۔

یہ فتح سابق بنڈس لیگا چیمپیئن ڈورٹمنڈ کی موجودہ سیزن کے آغاز میں ریکارڈ پانچویں لگاتار فتح ہے۔ اس جیت کے بعد ڈورٹمنڈ کے کوچ یوایئرگن کلوپ کا کہنا تھا، " ہمیں ایک انتہائی مضبوط حریف پر قابو پانا تھا اور ہم اس میں کافی اچھے طریقے سے کامیاب رہے۔" کلوپ سات برس تک مائنز کی ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

اتوار ہی کے روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں ہوفن ہائیم کی ٹیم نے مہمان ہینوور کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔ اس فتح کے بعد ہوفن ہائیم بہتر گول اوسط کی بنیاد پر تیسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ جبکہ بائرلیور کوزن تیسرے سے اب چوتھے نمبر پر منتقل ہوگئی ہے۔

Bundesliga Hoffenheim gegen Hannover Flash-Galerie
ہوفن ہائیم اور ہےنوور کے میچ کا منظرتصویر: dapd

بنڈس لیگا کا دسواں میچ ڈے مکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کچھ اس طرح سے ہے۔ پہلے نمبر پر 25 پوائنٹس کے ساتھ ڈوٹمنڈ کی ٹیم ہے جبکہ دوسرے نمبر پر مائنز ہے اور اس کے پاس 24 پوائنٹس ہیں۔ ہوفن ہائیم 18 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ 18 ہی پوائنٹس کے ساتھ بائر لیورکوزن چوتھے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ پانچویں پوزیشن پر فرینکفرٹ کی ٹیم ہے اور اس نے 16 پوائنٹس حاصل کررکھے ہیں۔

بنڈس لیگا کے گیارھویں میچ ڈے کا آغاز اب جمعہ پانچ نومبر سے ہوگا۔ ہر میچ ڈے کے دوران جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے روز میچ کھیلے جاتے ہیں۔

رپورٹ : افسراعوان

ادارت : عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں