’بنگلہ دیش نے تو کمال ہی کر دیا‘
17 جون 2023بنگلہ دیش نے افغانستان کو صرف شکست ہی نہیں دی بلکہ اپنی تاریخ کی سب سے بڑی جیت رقم کر لی ہے۔ اسکورز کے حوالے سے یہ عالمی سطح پر تیسری سب سے بڑی ٹیسٹ وکٹری بن گئی ہے۔
بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والی افغان قومی کرکٹ ٹیم کے لیے ایک بڑا دھچکہ قرار دیا جا رہا ہے۔ میر پور میں کھیلے گئے ایک ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم نے افغانستان کو 546 رنز سے مات دی۔
ہفتے کے دن جب یہ میچ مقررہ پانچ دنوں سے ایک روز قبل ہی ختم ہو گیا تو بنگلہ دیشی ٹیسٹ کپتان لٹن داس نے نجم الحسین شانتو کی بلے بازی کی تعریف کرتے ہوئے اسے اس بڑی جیت کا ایک اہم جزو قرا دیا۔
شانتو نے پہلی اننگز میں 146 جبکہ دوسری اننگز میں 124 رنز بنائے۔ اس کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
شانتو ایک ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے دوسرے بنگلہ دیشی بلے باز بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز صرف مومن الحق کو حاصل تھا، جنہوں سری لنکا کے خلاف چٹاگانگ میں یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا۔
بنگلہ دیش کی سب سے بڑی ٹیسٹ جیت
میر پور ٹیسٹ میں لٹن داس کی قیادت میں بنگلہ دیش نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 382 رنز بنائے۔ افغان ٹیم جس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، اپنی پہلی اننگز میں 146 پر ڈھیر ہو گئی۔
لٹن داس نے افغانستان کو فالو آن کرنے کے بجائے دوسری اننگز میں بلے بازی کو ترجیح دی اور 425 چار کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلئر کر دی۔ افغان ٹیم پہاڑ جیسے 662 رنز کے ٹارگٹ کے آگے 115 پر ہی آل آؤٹ ہو گئی۔
یوں بنگلہ دیش یہ میچ 546 رنز کے مارجن سے جیت گئی۔ اس سے قبل بنگلہ دیشی ٹیم نے سن 2005 میں زمبابوے کو 226 رنز سے مات دے کر اپنی سب سے بڑی ٹیسٹ وکٹری کا ریکارڈ بنایا تھا۔
رنز مارجن سے جیت کے حوالے سے بنگلہ دیش کی یہ کامیابی تیسرا سب سے بڑا ریکارڈ بنا گیا ہے۔ رنز مارجن سے جیت کا ریکارڈ انگلینڈ کے پاس ہے، جس نے 1928 میں اوول کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا کو 675 رنز سے شکست دی تھی۔
دوسرا سب سے بڑا ریکارڈ آسٹریلیا کے پاس ہے، جس نے سن 1934 میں لندن کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ایک ٹیسٹ میچ میں انگلش ٹیم کو 562 رنز سے ہرایا تھا۔