1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: گریٹا تھنبرگ کا ٹوئٹ اور بھارتی کارکنوں کی گرفتاریاں

جاوید اختر، نئی دہلی
16 فروری 2021

کسانوں کی تحریک کی حمایت کے حوالے سے تحفظ ماحول کی کارکن گریٹا تھنبرگ کے ٹوئٹ کے سلسلے میں تحفظ ماحول کی ایک کارکن پہلے ہی گرفتار کی جاچکی ہے۔ 'ٹُول کِٹ‘ کیس میں بھارتی پولیس مزید دو کارکنوں کو گرفتار کرنا چاہتی ہے۔

https://p.dw.com/p/3pQDN
Indien Festnahme Prozess  Umweltaktivistin Disha Ravi  Protest
دیشا روی کی گرفتاری کے خلاف مظاہرہتصویر: MANJUNATH KIRAN/AFP via Getty Images

بھارت میں زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک کے حوالے سے سویڈش ایکٹیویسٹ گریٹا تھنبرگ کے ذریعہ ٹوئٹ کیے گئے'ٹول کٹ‘ کے معاملے میں ماحولیات کے لیے سرگرم کارکن اکیس سالہ دیشا روی کی گرفتاری کے بعد پولیس وکیل اور ماحولیات کے لیے سرگرم کارکن نکیتا جیکب اور ان کے ساتھی شانتانو مولوک کو بھی گرفتار کرنا چاہتی ہے۔ دونوں کی گرفتاری کے لیے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کردیے گئے۔

دوسری طرف دونوں کارکنوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ اس دوران دہلی کے پولیس کمشنر ایس این سریواستوا نے منگل سولہ فروری کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ ”دیشا روی کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور دوسروں کے ساتھ بھی قانونی کارروائی کی جائے گی خواہ کسی کی عمر بائیس برس ہو یا پچاس برس۔  قانون سب کے ساتھ یکساں سلوک کرتا ہے۔"

سویڈن سے تعلق رکھنے والی تحفظ ماحول کی کم عمر کارکن گریٹا تھنبرگ نے اس ماہ کے اوائل میں ایک 'ٹول کٹ‘ ٹوئٹ کیا تھا۔ جس میں بھارت میں حکومت کے خلاف کسانوں کے مظاہرے کے حوالے سے مبینہ پروگرام کا لائحہ عمل بتایا گیا تھا۔

Indien Neu Delhi | United Hindu Front | Protest gegen Thunberg, Rihanna & Harris
قوم پرست ہندو گریٹا تھنبرگ کے ٹوئٹ کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئےتصویر: Danish Siddiqui/REUTERS

یہ ایکٹیویسٹ کون ہیں؟

دہلی پولیس ممبئی سے سرگرم وکیل نکیتا جیکب اور ان کے انجینئرساتھی شانتانو مولوک کو گرفتار کرنا چاہتی ہے۔ یہ دونوں انسانی حقوق کے لیے سرگرم ایک تنظیم سے وابستہ ہیں اور کسانوں کی تحریک کی بھی حمایت کرتے رہے ہیں۔ تاہم پولیس کا دعوی ہے کہ ان دونوں کا تعلق پوئٹک جسٹس فاؤنڈیشن نامی تنظیم سے ہے۔

نکیتا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دہلی پولیس کی ایک ٹیم گیارہ فروری کو ممبئی میں ان کی رہائش گاہ پر بھی گئی تھی اور وہاں سے کچھ ذاتی کاغذات اور الیکٹرانک آلات ضبط کرکے لے گئی۔ انہوں نے نکیتا کے خلاف درج ایف آئی آر کی ایک نقل بھی طلب کی ہے کیونکہ ان کا دعوی ہے کہ پولیس نے انہیں اب تک یہ نہیں بتایا کہ ان کے خلاف کیا الزامات ہیں۔

مہاراشٹر کے بیڑ ضلعے کے رہنے والے سانتانو نے عدالت میں پیش کردہ اپنی درخواست میں کہا ہے کہ دہلی پولیس کے عملے نے ضروری ضابطوں پر عمل کیے بغیر ان کے گھر سے بہت سارا سامان ضبط کر لیا اور ان کے والدین پر بھی دباو ڈالا جا رہا ہے۔ شانتانو نے عدالت سے پیشگی ضمانت کی درخواست کی ہے تاکہ وہ دہلی میں عدالت کے سامنے حاضر ہوکر اپنا موقف پیش کرسکیں۔

دو روز قبل ہی پولیس نے دیشا روی نامی اکیس سالہ کارکن کو بنگلورو میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ  دیشا نے حکومت مخالف'ٹول کٹ‘ کو ایڈٹ اور تقسیم کیا تھا۔ دہلی پولیس کے ایک اعلی افسر کے مطابق ''اس ٹول کٹ کا اصل مقصد گمراہ کن معلومات پھیلانا اور حکومت کے خلاف لوگوں میں نفرت پیدا کرنا ہے۔"

علیحدگی پسند گروپ کے ساتھ تعلق کا الزام

پولیس کا کہنا ہے کہ ان تینوں کے کینیڈا میں واقع پوئٹیک جسٹس فاونڈیشن سے بھی تعلقات ہیں جو مبینہ طور پر بھارت میں سکھ اکثریتی علاقے میں ایک آزاد ریاست کے قیام کے لیے خالصتان تحریک کی حمایت کرتی ہے۔

پولیس کا یہ بھی دعوی ہے کہ ان تینوں کارکنوں نے 26 جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ سے قبل مذکورہ تنظیم کے بانیوں کے ساتھ ایک زوم میٹنگ میں حصہ لیا تھا جس میں کسانوں کی یوم جمہوریہ ٹریکٹر ریلی کے سلسلے میں 'ٹوئٹ کا طوفان برپا کر دینے‘ کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا۔ اس میٹنگ میں ساٹھ ستر لوگوں نے حصہ لیا تھا اور اس کے بعد مذکورہ ٹول کٹ بنائی گئی۔

’بھارت میں جمہوریت کے قتل میں تیزی ‘

دیشا روی کی گرفتاری پر بھارت اور دیگر ملکوں میں سیاست دانوں اور سماجی کارکنوں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

سابق مرکزی وزیر جے رام رمیش نے ایک بیان میں کہا ”دیشا روی کی گرفتاری جس انداز میں کی گئی اس سے واضح ہوگیا ہے کہ بھارت میں جمہوریت کے قتل میں تیزی آگئی ہے۔ لیکن بھارت کے جوان اب خاموش نہیں رہیں گے۔"

برطانوی رکن پارلیمان کلاؤڈیا ویب نے بھی ایک ٹوئٹ کر کے کہا ”دو خواتین، اکیس سالہ طالبہ دیشا روی اور مزدوروں کے حقوق کے لیے سرگرم چوبیس سالہ نودیپ کور کو کسانوں کی تحریک کی پرامن حمایت کرنے پر نشانہ بنایا گیا، گرفتار کرلیا گیا اور جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔ یہ آمریت کے ذریعہ آواز کو دبانے کی کوشش ہے۔ خاموش نہ رہیں۔"

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں