عمران خان پر دو ہفتے بعد فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ
8 ستمبر 2022چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان پر توہین عدالت کیس کے سلسلے میں دو ہفتے بعد فرد جرم عائد کی جائے گی۔ عدالت نے کہا کہ عمران خان کا جواب تسلی بخش نہیں۔ قبل ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ وہ ایک ریلی میں کی گئی تقریر کے دوران ایک خاتون مجسٹریٹ کے بارے میں اپنے الفاظ پر نادم ہیں۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات آٹھ ستمر کو عدالت میں پیشی سے پہلے ایک بیان میں کچھ عرصہ قبل اپنی ایک سیاسی ریلی کے دوران تقریر کرتے ہوئے دیے گئے اپنے ہی ایک بیان پر ندامت کا اظہار کیا۔ تاہم انہوں نے واضح طور پر معافی مانگنے سے گریز کیا۔ خان پر اپنی ایک سیاسی ریلی میں تقریر کے دوران ایک خاتون مجسٹریٹ کے بارے میں 'نا مناسب بیان‘ دیتے ہوئے توہین عدالت کے مرتکب ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اسی الزام کے تحت ان کے خلاف بننے والے کیس کی سماعت کے لیے انہیں جمعرات کو عدالت میں پیش ہونا پڑا۔ یہ سماعت مہینوں کی سیاسی کشمکش اور کھینچا تانی کی ایک تازہ ترین موڑ کی حیثیت رکھتی ہے جو اپریل میں قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے انہیں بے دخل کرنے سے پہلے ہی شروع ہوگئی تھی۔
عمران خان کو گزشتہ ہفتے اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کے الزامات کا جواب دینے کے لیے سات دن کا وقت دیا تھا جس کی وجہ یہ بتائی گئی تھی کہ انہوں نے اُس مجسٹریٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس نے ان کی پارٹی کے ایک لیڈر کو پولیس حراست میں رکھنے کا حکم دیا تھا نیز یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ ان کی پارٹی کے اہلکار پر تشدد کیا گیا تھا۔
عمران خان کو ایک اور موقع: تحریری جواب زیر بحث
جمعرات کی سماعت سے قبل عدالت میں جمع کرائے گئے باضابطہ جواب میں خان نے کہا، ''جواب دہندہ اپنی تقریر کے دوران اپنی غیر ارادی باتوں پر گہرے افسوس کا اظہار کرنے کے لیے اس موقع کو استعمال کر رہا ہے۔‘‘
عمران خان کے بیان میں مزید کہا، ''یہ الفاظ غیر ارادی تھے اور ان کا مقصد خاتون جج کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔ ان خاتون کے لیے جن کی ان کے دل میں بے حد عزت اور احترام ہے۔‘‘
گزشتہ ہفتے خان کی طرف سے پیش کردہ اصل جواب کو عدالت نے مسترد کر دیا تھا، لیکن ان کے تازہ ترین جواب نے پھر بھی معافی کی درخواست شامل نہیں تھی اور اس کی بجائے عدالت سے کہا گیا کہ وہ جواب دہندہ کی ''وضاحت‘‘ کو قبول کرے۔ قانونی الفاظ میں اس بیان میں کہا گیا کہ ''جواب دہندہ درخواست کرتا ہے کہ اس معاملے میں معافی کے مذکورہ اسلامی اصولوں کو بھی مدنظر رکھا جائے۔‘‘
معزولی کے باوجود سابق وزیر اعظم عران خان کی عوام میں بڑے پیمانے پر حمایت برقرار ہے۔ انہوں نے موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر ریلیاں بھی نکالیں اور صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں کامیابیاں بھی حاصل کیں۔
کیا پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے خطرہ بن رہی ہے؟
عمران خان کوکل جمعہ کو بھی انسداد دہشت گردی کی الگ عدالت میں پیش ہونا ہے جہاں ان کی ضمانت ایک الگ کیس میں ختم ہونے والی ہے۔ اس کیس کا تعلق اُس بیان سے ہے جو انہوں نے جج کے بارے میں دیے تھے۔
پاکستان کی تاریخ ایسے حقائق سے بھری پڑی ہے کہ اقتدار میں رہنے والے پولیس اور عدالتوں کو سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ نواز شریف کے خلاف بھی ایسے کئی مقدمات زیر التوا ہیں۔
حالیہ سیاسی ہنگامہ آرائی اس وقت سامنے آئی ہے جب پاکستان مون سون کی ریکارڈ بارشوں کی وجہ سے آنے والے تباہ کن سیلابوں سے نمٹ رہا ہے۔ اس ناگہانی آفت کے نتیجے میں ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب ہے اور 33 ملین سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
ک م/ا ب ا (روئٹرز، اے ایف پی)