1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی نےاسلام پسند تنظیم انصار انٹرنیشنل پر پابندی لگا دی

5 مئی 2021

جرمن حکومت نے ایک ایسی اسلام پسند تنظیم پر پابندی لگا دی ہے، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ مبینہ طور پر بیرونی ممالک میں دہشت گرد گروپوں بشمول الشباب کی مالی معاونت کرتی ہے۔

https://p.dw.com/p/3szcu
Deutschland Düsseldorf | Razzien gegen islamisches Netzwerk
تصویر: Marcel Kusch/dpa/picture alliance

جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے شہر ڈسلڈورف میں قائم تنظیم انصار انٹرنیشنل پر اس شبے میں پابندی عائد کیے جانے کا اعلان کیا کہ یہ تنظیم صومالیہ میں الشباب اور فلسطینی علاقوں میں حماس جیسے 'دہشت گرد گروپوں‘ کی مالی اعانت کرتی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کے ترجمان اسٹیو آلٹرنے ایک ٹویٹ میں لکھا، ''یہ نیٹ ورک دنیا بھر میں دہشت گردی کی مالی اعانت کرتا ہے۔‘‘ اسٹیو آلٹر نے وزیر داخلہ زیہوفر کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ''اگر آپ دہشت گردی کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں، تو آپ کو اس کے مالی ذرائع کو نچوڑ کر خشک کر دینا ہوگا۔‘‘

’جرمن مسلم تنظیمیں بھی اسلام پسندانہ دہشت گردی پر نظر رکھیں‘

جرمنی کے مغربی صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر ڈسلڈورف میں قائم اس مسلم انتہا پسند تنظیم پر الزام ہے کہ وہ جن بیرون ملک دہشت گرد گروپوں کو رقوم بھیجتی ہے، ان میں شام میں سرگرم النصرہ فرنٹ، فلسطینی علاقوں میں حماس اور صومالیہ میں الشباب بھی شامل ہیں۔

Deutschland | Razzien gegen islamisches Netzwerk
2019 ء میں بھی پولیس نے اس تنظیم کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے تھے۔تصویر: Martin Gerten/dpa/picture alliance

 

جرمنی بھر میں چھاپے

جرمنی کی 16 میں سے 10 وفاقی ریاستوں رائن لینڈ پلاٹینیٹ، باڈن ورٹمبرگ، باویریا، برلن، برانڈن برگ، ہیمبرگ، نارتھ رائن ویسٹ فیلیا، لوئر سیکسنی، شلیسوگ ہولشٹائن اور ہیسے میں بدھ کی صبح اس سلسلے میں پولیس نے چھاپے بھی مارے۔ یہ کارروائی جن 90 افراد کے حوالے سے کی گئی، ان میں سے نصف کا تعلق نارتھ رائن ویسٹ فیلیا سے ہی ہے۔ ڈسلڈورف اسی جرمن صوبے کا دارالحکومت اور اقتصادی مرکز ہے۔ کالعدم قرار دی گئی تنظیم انصار انٹرنیشنل کی ویب سائٹ پر اس کی انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر سرگرمیوں کے حوالے سے درج ہے کہ یہ تنظیم 'اندرون اور بیرون ملک محتاج انسانوں کی مدد کرتی ہے اور اس کے منصوبے لبنان، سوڈان اور فلسطینی علاقوں میں جاری ہیں۔

جرمنی میں اسلامیات کی تعلیم، مسلم تنظیمیں ناخوش

تاہم جرمن وزارت داخلہ کا ماننا ہے کہ کچھ واقعات میں اس تنظیم کی طرف سے ایسے امدادی منصوبوں کے لیے بھی مالی مدد فراہم کی گئی، جو 'براہ راست دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں کے دائرہ کار میں آتے ہیں‘۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ اس امر کی قائل ہو چکی ہے کہ انصار انٹرنیشنل کی مشنری سرگرمیاں جرمن آئین کے تقاضوں کے منافی ہیں۔ جرمنی میں اس تنظیم پر پابندی کے لیے سرکاری کارروائی کا آغاز 2019ء میں اس وقت ہوا تھا، جب انصار انٹرنیشنل کے نیٹ ورک کے خلاف وسیع تر چھاپے مارے گئے تھے اور بڑے پیمانے پر مواد قبضے میں لے لیا گیا تھا۔

جرمنی: مکالمت کی حکومتی کوششیں، ناراض مسلمان

Deutschland Razzien gegen islamisches Netzwerk
شہر ڈسلڈورف میں قائم تنظیم انصار انٹرنیشنل کا مرکز۔تصویر: Martin Gerten/dpa/picture alliance

انتہا پسندی کی تربیت: بچوں کے بیرون ملک بھیجے جانے کے امکانات

برلن میں جرمن وزارت داخلہ نے متنبہ کیا ہے کہ انصار انٹرنیشنل کے بیرون ملک قائم کردہ اداروں میں جرمنی سے بچوں کے وہاں بھیجے جانے اور وہاں سلفی انتہا پسندانہ مواد سے ان کی تربیت کے امکانات بھی پائے جاتے ہیں۔ سلفی مسلمانوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ سخت گیر سنی عقیدے کے حامل اور اسلامی شرعی قوانین کے نفاذ کے حامی ہوتے ہیں، جو اسلامی قوانین والی ریاست کے قیام کے لیے عسکریت پسندی کی بھی حمایت کرتے ہیں۔ کئی دیگر اسلامی فرقوں اور مسلم گروپوں کی طرح وہ بھی یہی سمجھتے ہیں کہ جس عقیدے پر وہ عمل کرتے ہیں، وہی اسلام کی اصل شکل ہے۔

جرمنی میں نوجوانوں کی مسلم تنظیمیں

گزشتہ برس جرمنی کی داخلی انٹیلیجنس ایجنسی نے اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا تھا کہ 2019 ء میں جرمنی میں سلفی مسلمانوں کی مجموعی تعداد میں واضح اضافہ ہوا تھا۔ اس رپورٹ میں سلفیوں کو 'مسلم انتہا پسندوں‘ کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ تب تک ملک میں ان کی تعداد 12 ہزار 150 ہو چکی تھی۔ اسی رپورٹ سے یہ انکشاف بھی ہوا تھا کہ جرمنی میں سلفی نظریات کے حامل مسلمانوں کی تعداد 2011 ء کے مقابلے میں تین گنا سے بھی زیادہ ہو چکی ہے اور یہ گروپ جرمنی میں مستحکم  ہوتا جا رہا ے۔

ک م / م م )ڈی پی اے، اے ایف پی(