1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی، یورو زون سے تربیت یافتہ ورکرز کی تلاش میں

2 اگست 2011

وفاقی جرمن ایجنسی برائے ملازمین نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جرمنی اپنے ہاں تربیت یافتہ ورکرز کی کمی پوری کرنے کے لیے یورو زون ممالک سے بڑی تعداد میں ہنرمند افراد بُلا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/128q5
تصویر: AP

ایک جرمن صنعتی گروپ کے مطابق جرمنی کی تیزی سے نمو پزیر معیشت اور کم شرح بے روزگاری کی وجہ سے یہاں 36 ہزار انجینیئروں اور پانچ ہزار میڈیکل ڈاکٹرز کی ضرورت ہے، جس کے لیے مالیاتی بحران کے شکار یورپی ممالک سے ہنرمند افراد کو جرمنی بلایا جا رہا ہے۔

وفاقی جرمن ایجنسی برائے ملازمین کی ترجمان بیاٹے رابے کے مطابق ایجنسی کا خارجی اور پیشہ ورانہ امور سے متعلق ڈیپارٹمنٹ اس مقصد کے لیے یونان اور اسپین کے باہنر افراد کو زیادہ مواقع فراہم کر رہا ہے۔

’’ہم اسپین میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ وہاں بے روزگاری کی شرح خاصی بلند ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہاں کے شہریوں کو جرمنی میں کام کا موقع فراہم کیا جائے۔‘‘

Zahnarzt Praxisgebühr
جرمنی میں میڈیکل ڈاکٹرز کی بھی ضرورت ہےتصویر: AP

ایک حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ یورپی یونین میں شامل تمام ممالک کے مقابلے میں اسپین میں شرح بے روزگاری سب سے بلند ہے۔ اسپین میں ہر پانچ میں سے ایک فرد بے روزگار ہے۔

رابےکے مطابق یونان سے بھی ایسے ڈاکٹروں کو جرمنی بلایا جا رہا ہے، جو وہاں کئی برسوں سے پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی میں مصروف رہے ہوں۔

جرمنی میں انتہائی کم شرح پیدائش اور بزرگ افراد کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے یہاں ہنر مند افراد کی ضرورت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ گزشتہ ماہ جرمنی نے ہنر مند افراد کے لئے اپنے امیگریشن قواعد میں خاصی نرمی کا اعلان کیا تھا۔ تاہم جرمنی میں ملازمت کے حوالے سے صرف قوانین ہی کا مسئلہ نہیں بلکہ بہت سے یورپی شہریوں کے مطابق جرمنی منتقل ہونے میں ایک اہم رکاوٹ مشکل جرمن زبان بھی ہے۔

ایجنسی کے مطابق دیگر یورپی ممالک میں جرمن زبان کو پہلی ترجیحی غیر ملکی زبان کے طور پر نہیں سیکھا جاتا، یہی وجہ ہے کہ یورپی شہریوں کو جرمنی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں