1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
صحتکینیڈا

دنیا بھر میں پہلی مرتبہ: کینیڈا میں ہر سگریٹ پر چھپی تنبیہ

2 اگست 2023

کینیڈا میں بیچے جانے والے سگریٹوں میں سے اب ہر ایک پر تمباکو نوشی کے خلاف تنبیہ چھپی ہوئی ہو گی۔ یہ اس مضر صحت عادت کے خلاف دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا اولین اقدام ہے۔ اس سلسلے میں نئے ضوابط یکم اگست سے لاگو ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4Uh0C
کینیڈا میں فروخت ہونے والے سگریٹ کے پیکٹوں میں آئندہ ہر سگریٹ پر بھی وارننگ شائع کی گئی ہو گی
نئے ضوابط لاگو ہو جانے کے بعد اب کینیڈا میں تمبوکو نوشی کے خلاف وارننگ ہر سگریٹ پر چھپی ہوئی ہو گیتصویر: Health Canada/Canadian Press/picture alliance

کینیڈا میں اٹاوہ سے بدھ دو اگست کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق شمالی امریکہ کے اس ملک میں لازمی ہو گیا ہے کہ تمباکو نوشی کے خلاف وارننگ اب ڈرا دینے والی تصاویر اور تنبیہ کرنے والے متن کے ساتھ صرف سگریٹ کے پیکٹوں کے باہر ہی چھپی ہوئی نہیں ہو گی، بلکہ کسی بھی پیکٹ کے اندر ہر سگریٹ پر بھی ایسے تنبیہی پیغامات چھپے ہوئے ہوں گے۔

انفرادی تنبیہات والے سگریٹ اسی سال ملکی مارکیٹ میں

اس حوالے سے کینیڈا میں نئے ضوابط کا اعلان اسی سال مئی میں کیا گیا تھا، جو اب منگل یکم اگست سے نافذالعمل بھی ہو گئے ہیں۔ ہر سگریٹ پر چھاپے گئے اور وارننگ دینے والے یہ پیغامات اس نوعیت کے ہوں گے: ''سگریٹ افزائش نسل کی اہلیت ختم کر دیتے ہیں،‘‘ اور ''ہر کش میں زہر ہے۔‘‘

جرمنی: بچوں کی موجودگی میں سگریٹ نوشی پر پابندی کا منصوبہ

آسٹریلیا میں فروخت کیے جانے والے سگریٹ کے پیکٹوں پر ایسی تصاویر شائع کی جاتی ہیں
دنیا کے سبھی ممالک میں اب سگریٹ کے پیکٹوں پر تنبیہی تصاویر بھی شائع کی جاتی ہیں۔ یہ سلسلہ بھی دنیا بھر میں پہلی بار کینیڈا نے ہی شروع کیا تھاتصویر: W.West/AFP/GettyImages

توقع ہے کہ کنگ سائز سگریٹوں کے کسی بھی پیکٹ میں ہر سگریٹ پر ایسے انفرادی پیغامات شائع کرنے کا سلسلہ اور ایسے سگریٹوں کی ملکی مارکیٹ میں آمد اسی سال شروع ہو جائیں گے۔ اس کے برعکس کینیڈین سٹوروں سے پیکٹوں میں خریدے جانے والے ریگولر سائز کے سگریٹوں پر ایسی تنبیہات شائع کرنے کا سلسلہ 2025ء کے اوائل میں شروع ہو جائے گا۔

’میں اب اسموکر نہیں،‘ آپ کو بھی تمباکو نوشی کیوں ترک کر دینا چاہیے؟

نشے کی عادت کے خلاف کینیڈا کی سابق خاتون وزیر کیرولین بینیٹ کے مطابق، ''سگریٹ کے پیکٹوں پر شائع کیے جانے والے پیغامات اور زیادہ ڈراؤنی تصاویر کی اشاعت کے ساتھ ساتھ اب ہر سگریٹ پر ایسے پیغامات چھاپے جانے سے کینیڈین صارفین کو زیادہ حقیقی اور چونکا دینے والے انداز میں یہ باور کرایا جا سکے گا کہ تمباکو نوشی کے صحت کے لیے نقصانات کتنے تباہ کن ہوتے ہیں۔‘‘

ڈسپوزیبل ای سگریٹ، نیوزی لینڈ میں مکمل پابندی کا اعلان

تمباکو نوشی کی وجہ سے منہ کا سرطان، آسٹریلیا میں سگریٹ کے ایک پیکٹ پر شائع شدہ طبی وارننگ کی ایک تصویر
سگریٹ کے پیکٹوں پر ایسی تصاویر شائع کرنے کا مقصد عام لوگوں کو تمباکو نوشی ترک کرنے کی ترغیب دینا ہوتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

سن دو ہزار میں بھی اپنی نوعیت کا اولین اقدام

ان نئے ضوابط کی منظوری اور اب ان کے مؤثر ہو جانے سے قبل کینیڈا نے 2000ء میں بھی ایسا ہی ایک قدم اٹھایا تھا، جو تمباکو نوشی کے خلاف کیا جانے والا عالمی سطح پر اپنی طرز کا پہلا اقدام تھا۔ یہ فیصلہ سگریٹ کے پیکٹوں پر تمباکو نوشی کے عادی افراد کی بیماری کی صورت میں لی گئی ایسی خوفناک طبی تصاویر کی اشاعت سے متعلق تھا، جو اس سے پہلے دنیا کے کسی بھی ملک میں ایسے نہیں چھاپی جاتی تھیں۔

پاکستان میں تمباکو نوشی: روزانہ بارہ سو نابالغ بچوں کا اضافہ

تب یہ تصاویر سگریٹ نوش افراد کو لاحق دل اور پھیپھڑوں کی مختلف بیماریوں کی ہوتی تھی، جن کے اشاعت کا مقصد یہ تھا کہ عام شہریوں میں تمباکو نوشی کے صحت پر انتہائی منفی اثرات کے خلاف شعور بیدار کیا جا سکے۔

کینیڈا میں سگریٹ نوشی کرتا ہوا ایک شخص
کینیڈا میں تمباکو نوش افراد کی تعداد ملکی آبادی کا تیرہ فیصد بنتی ہےتصویر: ANDREJ IVANOV/AFP

تمباکو نوشی میں کمی کا رجحان

کینیڈا میں سماجی سطح پر تمباکو نوشی کا رجحان گزشتہ دو دہائیوں سے بتدریج کم ہو رہا ہے۔ تاہم حکومتی اعداد و شمار کے مطابق اسموکنگ آج بھی ہر سال کینیڈا کے تقریباﹰ 48 ہزار شہریوں کی موت کی براہ راست یا بالواسطہ طور پر وجہ بنتی ہے۔

اس کے علاوہ کینیڈا میں صحت کے شعبے پر اٹھنے والے اخراجات میں سے تقریباﹰ نصف ان مریضوں کی وجہ سے ہوتے ہیں، جو تمباکو نوشی یا نشے کی دیگر صورتوں کے عادی ہوتے ہیں۔

ویپنگ بھی تمباکو نوشی جتنی ہی خطرناک

کینیڈا کی حکومت ملک میں تمباکو نوشی کرنے والے شہریوں کیی تعداد میں مزید کمی کرنا چاہتی ہے۔ ہدف یہ ہے کہ 2035ء تک یہ تعداد مزید کم کر کے دو ملین یا ملک کی مجموعی آبادی کے صرف پانچ فیصد تک لائی جائے۔ اس وقت کینیڈین شہریوں میں سے تقریباﹰ 13 فیصد تمباکو نوشی کے عادی ہیں۔

م م / ش ر (اے ایف پی)

انڈونیشیا کا پہلا تمباکو نوشی سے پاک گاؤں