دورہ انگلیڈ: اسکواڈ کا اعلان، سرفراز اور وہاب کی واپسی
12 جون 2020سابق کپتان سرفراز احمد اور فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کی پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی ہوگئی ہے۔ دونوں کو دورہ انگینڈ کے لیے پاکستان کی 29 رکنی ٹیم میں جگہ دی گئی جس کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج جمعہ 12 جون کی دوپہر لاہور میں کیا۔
سوئنگ باؤلر سہیل خان کی بھی ساڑھے تین برس بعد ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی ہوئی جبکہ انڈر 19 ٹیم کے بیٹسمین حیدرعلی کو پہلی بار پاکستان ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔
33 سالہ سرفراز احمد کو گز شتہ برس اکتوبر میں دورہ آسٹریلیا سے پہلے آؤٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے نا صرف کپتانی سے ہٹا دیا گیا بلکہ وہ تینوں فارمیٹس میں بھی اپنی جگہ سے ہاتھ دو بیٹھے۔ وہ محمد رضوان کے ہمراہ اسکواڈ میں شامل دو وکٹ کیپرز میں سے ایک ہیں۔
ٹونٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو ٹیسٹ سیریز کے لیے اظہرعلی کا نائب مقرر کیا گیا ہے۔
سلیکٹرز نے ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں کے لیے وسیع اسکواڈ میں جن دس فاسٹ باؤلرز کو جگہ دی ہے ان میں وہاب ریاض اور سہیل خان کے علاوہ حیران کن طور پر حالیہ غیر تسلی بخش کارکردگی کے حامل فہیم اشرف اورعمران خان بھی شامل ہیں۔
وہاب ریاض کی ٹیسٹ میچوں میں عدم دلچسپی کے بعد انہیں رواں برس جنوری میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے بھی ڈراپ کردیا گیا تھا۔ محمد عامر پہلے ہی اپنی گھریلو مجبوریوں کی وجہ سے اس دورے سے معذرت کر چکے ہیں۔ ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی امیدوں کا دار ومدار محمد عباس، شاہین آفریدی اور نوجوان نسیم شاہ پر ہوگا۔ سلیکٹرز نے اس دورے کے لیے یاسر شاہ اور شاداب خان کی مدد کے لیےعماد وسیم اور سندھ کے کاشف بھٹی کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔
اس دورہ میں پاکستان کو مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل کی خدمات بھی حاصل نہیں ہوں گی جنہوں نے کووڈ 19 کے خطرہ کے پیش نظر انگلینٖڈ جانے سے انکار کردیا ہے۔ حارث کی عدم موجودگی میں فوادعالم کو 11 سال بعد ٹیسٹ پلیئنگ الیون میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
مصباح اینڈ کمپنی نے جس بیٹنگ لائن کا انتخاب کیا ہے اس میں عابد علی، شان مسعود اور امام الحق کے علاوہ فخر زمان چوتھے اوپنر ہونگے۔ مڈل آرڈر میں شعیب ملک اور محمد حفیظ کے ساتھ اٹک سے تعلق رکھنے والے پشاور زلمی کے بیٹسمین حیدرعلی بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ 19 سالہ حیدر کو رواں سال پی ایس ایل میں زلمی کی جانب سے 258 رنز بنانے سے قبل قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں پنجاب کے خلاف سنچری بنانے کا صلہ ملا ہے۔
چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کے مطابق اسکواڈ کے انتخاب میں سلیکٹرز کی ترجیح ٹیسٹ کرکٹ رہی تاہم ان کے بقول منتخب کھلاڑیوں سے انگلینڈ میں دونوں فارمیٹس میں میں عمدہ کارکردگی کی توقع ہے۔ مصباح کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب مستقبل کو پیش نظر رکھ کر کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان کرکٹرز دورے میں یونس خان اور مشتاق احمد کے تجربے سے مستفید ہوں گے۔
فاسٹ باؤلر سہیل خان کی ٹیم میں واپسی کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوے چیف سلیکٹر نے کہا کہ سہیل نے انگلینڈ کے گز شتہ دورے میں دو بار پانچ پانچ وکٹ لیں۔ ساتھی سلیکٹرز کا خیال ہے کہ قائد اعظم ٹرافی میں بھی سہیل نے اپنے 22 وکٹ کے اعداد و شمار سے کہیں بہتر باؤلنگ کی اور ان کی شمولیت سے تیز باؤلنگ کا شعبہ مضبوط ہوگا۔
مصباح کے بقول کھلاڑیوں کی میدان سے طویل دوری ایک چیلنج ہے تاہم وہ پرامید ہیں کہ انگلینڈ میں ایک ماہ کے دوران بھرپور ٹریننگ کے باعث مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
انگلینڈ روانگی سے قبل پاکستانی کھلاڑیوں اور ٹیم 14 آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ کے لیے 20 اور 25 جون کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
منتخب سکواڈ:
اوپنرز: عابد علی، فخر زمان، شان مسعود، امام الحق
مڈل آرڈر بیٹسمین: اظہر علی، بابر اعظم، اسد شفیق، فواد عالم، حیدر علی، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، اور شعیب ملک
وکٹ کیپرز : محمد رضوان اور سرفراز احمد
فاسٹ باؤلرز : فہیم اشرف، حارث رؤف، عمران خان، محمد عباس، محمد حسنین، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان، عثمان شنواری اور وہاب ریاض
اسپنرز: یاسر شاہ ، عماد وسیم ، کاشف بھٹی اور شاداب خان