1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رواں سیزن میں روزبیرگ کی مسلسل چوتھی کامیابی

عاطف بلوچ1 مئی 2016

رشیئن گراں پری میں جرمن ڈرائیور نیکو روزبیرگ نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ مرسیڈیز ٹیم کے ان کے ساتھی لوئیس ہیملٹن دوسرے اور فیراری کے کیمی رائکونن تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1IgBD
Russland Formel 1 in Sotschi
تصویر: Reuters/M. Shemetov

فارمولا وَن موٹر ریسنگ میں یکم مئی بروز اتوار رشیئن گراں پری کا مقابلہ انتہائی جاندار رہا۔ مرسیڈیز ٹیم کے جرمن ڈرائیور نیکو روزبیرگ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رواں سیزن میں مسلسل چوتھی کامیابی سمیٹی ہے۔

اس سیزن کی اس چوتھی ریس میں ہیملٹن کو اگرچہ کچھ ایکسیڈنٹس کا سامنا کرنا پڑا تاہم وہ دیگر ڈرائیوروں کو مات دیتے ہوئے دوسرے نمبر پر براجمان ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

سوچی کے مقام پر منعقد ہوئی اس ریس میں کامیابی کے ساتھ روزبیرگ نے پچیس پوائٹنس حاصل کر لیے ہیں جبکہ ان کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد سو ہو گئی ہے، یعنی رواں سیزن کی چار ریسوں میں چار کامیابیاں۔ اس ریس کے بعد روز بیرگ نے کہا، ’’یہ ہفتہ شاندار رہا۔ میں بہت خوش ہوں۔ میں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘

اپنی ٹیم میں شامل برطانوی ڈرائیور لوئیس ہیملٹن کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے روزبیرگ نے کہا، ’’لوئیس ضرور کم بیک کرے گا۔ وہ ویسے ہی پرعزم ہے، جیسا کہ وہ ہوا کرتا ہے۔ ابھی تو اس سیزن کی ابتدائی ریسیں چل رہی ہیں۔‘‘

Russland Formel 1 in Sotschi - Siegerehrung
میں بہت خوش ہوں اور سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، روزبیرگتصویر: Reuters/M. Shemetov

پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت روزبیرگ کو ہیملٹن پر 43 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ اس سیزن کی چار ریسوں کے بعد سابق چیمپئن ہیملٹن کے پوائنٹس ستاون بنتے ہیں۔ فیراری کے کیمی رائکونین تینتالیس پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ ریڈ بل کے ڈینیئل ریکارڈ چھتیس پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

سابق عالمی چیمپئن جرمن ڈرائیوار سباستیان فیٹل اس سیزن میں کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے ہیں لیکن پھر بھی وہ پوائنٹس ٹیبل پر33 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔ گزشتہ ریس یعنی چائنیز گراں پری میں وہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔