روسی صدر ولادیمیر پوٹن ٹیکسی چلایا کرتے تھے
19 دسمبر 2021روسی صدر ولادیمیر پوٹن کا کہنا ہے کہ سابق سوویت یونین کی شکست و ریخت کے منفی اثرات نے کروڑوں انسانوں کی زندگیوں کو متاثر کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ گو یہ ایک حقیقت ہے جس کے بارے میں بات کرنا نہایت ناخوشگوار عمل ہے کہ خود ان کی زندگی پر اس کے اثرات بہت گہرے اور منفی ثابت ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان پر ایسا برا وقت بھی آیا کہ انہیں ٹیکسی چلانا پڑی۔
روس کی سرکاری نیوز ایجنسی RIA Novosti کی طرف سے اتوار کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق روسی صدر پوٹن نے سوویت یونین کے زوال کے بعد اپنی آمدنی بڑھانے کے لیے ٹیکسی چلائی۔
ایک دستاویزی فلم میں روسی نیوز ایجنسی نے روسی رہنما کو یہ کہتے ہوئے دکھایا ، '' بعض اوقات مجھے اضافی پیسے کمانا پڑتے تھے۔‘‘ ولادیمیر پوٹن کے بقول، ''میرا مطلب ہے ایک پرائیوٹ ڈرائیور کے طور پر گاڑی چلا کر مجھے اضافی پیسے کمانا پڑتے تھے۔ ایمانداری سے بات کرنا ناخوشگوار ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے یہ سچ ہے اور ایسا ہی ہوا تھا۔‘‘
الیکشن میں حصہ لینے کا ابھی فیصلہ نہیں کیا، روسی صدر پوٹن
ولادیمیر پوٹن تین دہائیوں قبل سابق سوویت یونین کا شیرازہ بکھرنے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا، ''یہ زیادہ تر روسی شہریوں کے لیے ایک المیہ تھا۔‘‘ پوٹن نے سوویت یونین کے ٹوٹنے پر یہ بھی کہا تھا کہ یہ واقعہ '' تاریخی روس‘‘ کے خاتمے کی علامت تھا۔
سوویت یونین کا خاتمہ اپنے ساتھ شدید معاشی عدم استحکام کا دور لے کر آیا۔ ایک ایسا دور جس میں لاکھوں افراد غربت کی دلدل میں دھنس گئے اور ایک نیا آزاد روس کمیونزم یا اشتراکیت سے نکل کر سرمایہ درانہ نظام کا حصہ بن گیا۔
مہاجرین کے حالیہ بحران کا ذمہ دار مغرب ہے، ولادیمیر پوٹن
روسی صدر ولادیمیر کے یہ بیانات اورر تبصرے ایک ایسے وقت میں منظر عام پر آئے ہیں جب ان پر ناقدین کی طرف سے یوکرائن پر حملے کے ذریعے درباہ سے سوویت یونین کی تشکیل کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔
اُدھر کریملن اس طرح کے مفروضات کو مغرب کی طرف سے خوف و ہراس پھیلانے کی کوششیں قرار دیتے ہوئے ان الزامات کی مسلسل تردید کر رہا ہے۔ ساتھ ہی کریملن کا یہ کہنا ہے کہ ماسکو اپنے پڑوسی پر اُس وقت حملہ کرے گا جب کییف حکومت یا کسی اور ریاست کی طرف سے روس کو اشتعال دلایا جائے یا اُکسایا جائے۔
ک م/ ع ب