سائبر حملہ: البانیہ نے ایرانی سفارت کاروں کو ملک سے نکال دیا
8 ستمبر 2022نیٹو کے رکن ملک البانیہ نے جولائی میں ہونے والے سائبر حملے کے لیے تہران کو مورد الزام ٹھہراتے ہو ئے بدھ کے روز تمام ایرانی سفارت کاروں اور سفارتی عملے کو 24 گھنٹے کے اندر ملک چھوڑ دینے کا حکم دیا۔
البانیہ کے وزیر اعظم ایدی راما نے ایک ویڈیو بیان میں کہا، "حکومت نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔"
راما کا کہنا تھا، "یہ انتہائی ردعمل سائبر حملے کی سنگینی اور خطرے کے بالکل عین مناسب ہے۔ اس ایرانی حملے سے سرکاری خدمات کو مفلوج کرنے، ڈیجیٹل نظام کو مٹا دینے، ریاستی ریکارڈز کو ہیک کرنے، سرکاری انٹرانیٹ الیکٹرانک مواصلات چوری کرنے اور ملک میں افراتفری اور عدم تحفظ پیدا کرنے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔"
قبل ازیں البانوی وزیراعظم ایدی راما نے 15جولائی کو ہونے والے سائبر حملے کی تحقیقات کے بعد ایرانی سفارت کاروں اور سفارت خانہ کے عملہ کو 24 گھنٹے کے اندرملک چھوڑنے کا حکم دیا۔
صنعتی یونٹس پر نیا سائبر حملہ ناکام بنا دیا گیا، ایرانی حکام
البانوی پارلیمان کے ایک رکن نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ ان کی حکومت کے پاس ملک کے خلاف سائبرحملے میں ایران کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ البانیہ کی سکیورٹی سروسز نے اس حملے کی ذمے دار ایرانی گروہوں کی نشان دہی کی ہے۔
ایران کا ردعمل
ایران نے البانیہ میں سائبر حملوں کے پیچھے اس کا ہاتھ ہونے کے الزامات کو "بے بنیاد" قرار دیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا البانیہ کا فیصلہ افسوس ناک اور تنگ نظری پر مبنی ہے۔"
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ "ایران، جو خود بھی اپنے اہم انفرااسٹرکچر پر مختلف ملکوں کی جانب سے سائبر حملوں کا ایک اہم نشانہ ہے، دیگر ملکوں کے بنیادی انفرااسٹرکچر پر حملے کے لیے سائبر اسپیس کو ایک آلے کے طور پر استعمال کو مسترد اور مذمت کرتا ہے۔"
عالمی سائبر حملوں کے امریکی الزام کی ایران کی جانب سے مذمت
ایران: گیس اسٹیشنوں پر سائبر حملے، ایندھن کی فروخت بری طرح متاثر
امریکا نے دنیا کو ایرانی سائبر حملے سے خبردار کیا
خیال رہے کہ ماضی میں ایران کو متعدد مرتبہ سائبر حملوں کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ بالخصوص سن 2010 میں ایران کے جوہری پروگرام کو نقصان پہنچانے کے لیے اسٹکس نیٹ وائرس کا استعمال کیا گیا تھا۔ ایران نے اس حملے کے پیچھے اسرائیل اور امریکہ کا ہاتھ بتایا تھا۔
امریکہ کا بیان
امریکہ نے سائبر حملے کے لیے البانیہ کی جانب سے ایران کے خلاف الزامات کی تائید کی اور کہا کہ وہ اپنے نیٹو اتحادی پر اشتعال انگیز سائبر حملے کے جواب میں تہران کے خلاف مزید کارروائیاں کرسکتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ نے بھی کئی ہفتے کی تحقیقات کے بعد اس سائبر حملے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ 15جولائی کو "اوچھے اور غیر ذمہ دارانہ" سائبر حملے کے پیچھے ایران کا ہاتھ کار فرما تھا۔
وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل نے ایک بیان میں کہا کہ "امریکا ایران کو ایسے اقدامات پرجوابدہ بنانے کے لیے مزید کارروائی کرے گا جن سے امریکا کے اتحادی کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو اور سائبر اسپیس کے لیے پریشان کن مثال قائم ہو۔"
برطانیہ کے نیشنل سائبرسکیورٹی سینٹر نے بھی البانوی حکومت کے خلاف سائبر حملے کے لیے ایران کو مورد الزام ٹھہرایا ہے اور کہا کہ ایرانی ریاست سے وابستہ اہلکار "قریباً یقینی طورپر" اس اوچھے حملے کے ذمے دار ہیں۔
خیال رہے کہ ایران اور البانیہ کے درمیان سن 2014 سے تعلقات کشیدہ ہیں جب تیرانا نے ایرانی جلاوطن اپوزیشن گروپ مجاہدین خلق کے تقریباً 3000 اراکین کو پناہ دی تھی۔
ج ا/ ص ز (اے ایف پی)