1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’’سچل جاز‘‘ پاکستانی موسیقاروں کی مغربی دنیا میں دھوم

30 ستمبر 2011

پاکستانی موسیقاروں کی ترتیب دی ہوئی ایک میوزک البم نے آج کل میوزک پسند کرنے والوں کو دیوانہ بنا رکھا ہے۔ اپنی مقبولیت کے لحاظ سے یہ امریکہ اور برطانیہ میں پہلے نمبر پر جبکہ یورپ میں دس مقبول ترین البموں میں شامل رہی۔

https://p.dw.com/p/12jWo
تصویر: Sachal Studio

اس البم میں جاز موسیقی کا وہ مشہور ٹریک "ٹیک فایئو" بھی شامل ہے جسے اگرچہ اب تک انتیس مرتبہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے لیکن پاکستانی موسیقاروں نے پہلی مرتبہ اس ٹریک کو مشرقی آلات موسیقی سے تیار کرکے با لکل ایک نئی چیز تخلیق کی ہے۔

اس البم کوموسیقی سے والہانہ لگاؤ رکھنے والی ایک متمول کاروباری شخصیت عزت مجید نے ساٹھ پاکستانی فنکاروں کی مدد سے تیار کیا ہے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے پڑھے ہوئے عزت مجید پنجاب یونیورسٹی میں ایڈمنسٹریٹو سائنسزکے استاد رہے ہیں۔ ضیاالحق دور میں انہیں ملک چھوڑنا پڑا، کچھ عرصہ سعودی عرب میں رہے پھر لندن جا بسے، مالیاتی امور میں مہارت رکھنے والے عزت مجید آج کل لندن میں اپنا کاروبار بھی کر رہے ہیں۔

Pakistan Lahore Sachal Studio Music Sachal Jazz
البم کوموسیقی سے والہانہ لگاؤ رکھنے والے عزت مجید نے ساٹھ پاکستانی فنکاروں کی مدد سے تیار کیا ہےتصویر: Sachal Studio

پاکستان کےماضی کے معروف فلم ساز اور ہدایت کار میاں مجید کے صاحبزادے عزت مجید نے عمدہ موسیقی کی تخلیق کے لیے غیر تجارتی بنیادوں پر لاہور میں موسیقی کا ایک "پرپز بلڈ" اسٹوڈیو بھی بنا رکھا ہے۔ سچل اسٹوڈیو کی تیاری میں انہیں ایک جرمن شہری اور برطانیہ کے معروف ساؤنڈ انجینئرکرسٹوف براخر کی رہنمائی بھی میسر رہی ہے۔

ڈوئچے ویلے کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں عزت مجید نے بتایا کہ وہ مالی اورتکنیکی وسائل استعمال کرتے ہوئے جنوبی ایشیا کی موسیقی کو عالمی میعار کے مطابق تیار کر رہے ہیں۔ وہ کلاسیکی، نیم کلاسیکی، فوک اور جاز سمیت موسیقی کے کئی شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں وہ جاز کا ایک مزید اور بر صغیر کی جدید نظموں کے حوالے سے ایک خصوصی البم پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

Pakistan Lahore Sachal Studio Music Sachal Jazz Izzat Majeed
عزت مجید نے عمدہ موسیقی کی تخلیق کے لیے غیر تجارتی بنیادوں پر لاہور میں موسیقی کا ایک "پرپز بلڈ" اسٹوڈیو بھی بنا رکھا ہےتصویر: Sachal Studio

عزت مجید کہتے ہیں کہ انہیں خوشی ہے کہ سچل جاز کی مقبولیت سے نہ صرف پاکستانی موسیقی کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے بلکہ اس سے پاکستانی موسیقاروں کی بھی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

یاد رہے' پاکستان میں فلمی صنعت اور موسیقی کا چولی دامن کا ساتھ رہا ہے، ایک زمانے میں پاکستان میں سالانہ سو سے زیادہ فلمیں بنا کرتی تھیں لیکن پاکستانی فلم انڈسٹری کے زوال کی وجہ سے فلمی موسیقی بھی تقریباﹰ ختم ہو کر رہ گئی۔ کسی موسیقار نے چائے کا کھوکھا کھول لیا اور کسی نے  سایٰئکل پر سبزیاں بیچنا شروع کر دیں۔ اب سچل اسٹوڈیو نے ڈھونڈ ڈھونڈ کر ان موسیقاروں کو اکٹھا کیا ہے اور سچل جاز کی کامیابی سے ان فنکاروں کو پاکستانی موسیقی کے پرانے دور کی بحالی کی امید پیدا ہونے لگی ہے۔

 بغیرکسی حکومتی تعاون سے موسیقی کی خدمت کرنے والے عزت مجید کو دکھ ہے کہ ان کے موسیقی کے، جس البم کی دنیا بھر میں دھوم مچی ہوئی ہے، ان کے اپنے وطن پاکستان میں لوگ اس بارے میں زیادہ نہیں جانتے۔ ان کے بقول، ’’پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کرنے والی ان کی اس شاندار کامیابی پر ابھی تک کسی حکمران شخصیت نے مجھے مبارکباد کا فون تک کرنا مناسب نہیں سمجھا، البتہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ایک رسمی اخباری بیان جاری کرکے مطمئن ہو چکے ہیں۔ انھوں نے سیلاب کی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی مجھے دعوت دی تھی لیکن مجھ سے ابھی تک کسی نے اس سلسلے میں بھی رابطہ نہیں کیا۔‘‘ عزت کہتے ہیں کہ ان کے لیے یہی کافی ہے کہ ان کی ذاتی کوششوں سے اجڑے ہوئے پاکستانی فنکاروں کو دنیا میں عزت اور شہرت مل رہی ہے۔

سچل اسٹوڈیو کے ڈائریکٹر آپریشن مشتاق صوفی کہتے ہیں کہ ملکی تاریخ میں غالباﹰ پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ  نصرت فتح علی خان کے بعد موسیقی کے کسی پاکستانی گروپ کو عالمی سطح پر اتنی پذیرائی ملی ہے اور یہ سب کچھ کسی سرکاری مدد کے بغیر ہوا ہے۔

ان کے مطابق انفرادی کوششیں اپنی جگہ لیکن مو سیقی کی سرپرستی کیے بغیر اسے فروغ نہیں دیا جا سکتا۔ ان کے بقول جن حکومتوں کو صحت اور تعلیم پر بھی مناسب رقوم خرچ کرنےکی توفیق نہیں ہوتی ان سے آرٹ اور موسیقی کے فروغ کے لیے اقدامات کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے۔

رپورٹ: تنویر شہزاد، لاہور

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں