’سچن رواں برس کا بہترین کرکٹر ‘
7 اکتوبر 2010انہوں نے اپنے کیریئر میں یہ ایوراڈ پہلی مرتبہ جیتا ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل آئی سی سی کی طرف سے منعقد کی گئی سن2010ء کی تقریب انعامات کے دوران جارحانہ انداز میں کھیلنے والے بھارتی اوپنر وریندر سہواگ کو اس سال کا بہترین ٹیسٹ کرکٹر قرار دیاگیا جبکہ ایک روزہ میچوں کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز کے حصے میں آیا۔
سال 2010ء کے بہترین کرکٹر کے امیدواروں میں وریندر سہواگ، جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملہ اور انگلش آف سپن بولر گریم سوان بھی شامل تھے تاہم سچن تندولکر نے یہ ایوارڈ جیت کر ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ ’سچن ، سچن ہی ہے‘۔ انہوں نے تقریب انعامات کے دوران کہا کہ یہ سیزن بھارتی ٹیم کے لئے لاجواب رہا ہے۔
اس تقریب کے دروان ’پیپلز چوائس‘ انعام بھی سچن کے حصے میں ہی آیا۔ انہوں نے اپنی ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن کا سہرا اپنےکوچ گیری کرسٹن کے سر پر سجایا۔ سچن نے کہا کہ گیری کرسٹن ٹیم کی توانائی کو درست طریقے سے استعمال کرنےکی صلاحیت رکھتے ہیں۔
سینتیس سالہ سچن تندولکر نے چوبیس اگست سن 2009ء اور دس اگست 2010ء کے درمیان ٹیسٹ کرکٹ میں 81.84 کی اوسط سے ایک ہزار 64 رنز بنائے جبکہ ایک روزہ میچوں میں 65.28 کی اوسط سے 914 رنز سکور کئے۔ اسی دوران انہوں نے ایک روزہ میچوں میں ڈبل سنچری کرنے کا ایک نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔ محدود اوورز کے میچوں میں ابھی تک کسی بھی کھلاڑی نے انفرادی طور پر دو سو رنز سکور نہیں کئے ہیں۔ اس وقت سچن ، ٹیسٹ کرکٹ رینکنگ میں تیسرے جبکہ ایک روزہ میچوں کی رینکنگ میں دسویں نمبر پر ہیں۔
دیگر ایوارڈز میں اس سال کا بہترین ابھرتا ہوا کھلاڑی انگلش فاسٹ بولر سٹیون فن کو قرار دیا گیا جبکہ سال کے بہترین امپائر کا انعام علیم ڈار کو ملا۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ امپائر علیم ڈار نے یہ ایوارڈ مسلسل دوسری مرتبہ اپنے نام کیا ہے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: ندیم گِل