1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی شطرنج چیمپیئن شپ: فائنل میں آنند مسلسل آگے

2 مئی 2010

بھارت سے تعلق رکھنے والے دفاعی چیمپیئن وشواناتھ آنند ہفتہ کو شطرنج کی عالمی چیمپیئن شپ کے فائنل کی ایک اور گیم ڈرا کرنے کے بعد بھی اپنے حریف ٹوپالوف پر مجموعی برتری برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/NCNn
دفاعی چیمپیئن وشواناتھ آنندتصویر: AP

عالمی چیمپیئن شپ کے اس فائنل میں ’’مدراس کے شیر‘‘ کہلانے والے 40 سالہ بھارتی کھلاڑی آنند کا مقابلہ بلغاریہ کے ویسیلن ٹوپالوف سے ہے، جن کے ساتھ اب تک ان کی تین گیمز ڈرا ہو چکی ہیں۔

Deutschland Bonn WM Schach 6. Partie Wladimir Kramnik gegen Viswanathan Anand
فائنل 13 مئی تک جاری رہے گاتصویر: AP

دونوں کھلاڑیوں کے مابین کل بارہ گیمز پر مشتمل شطرنج کی عالمی چیمپیئن شپ کے فائنل کی ہفتے کو کھیلی گئی مجموعی طور پر چھٹی گیم بھی ایک روز پہلے پانچویں گیم کی طرح اتفاق رائے سے بے نتیجہ قرار دے دی گئی۔

اب تک چھ گیمز میں سے دو وشواناتھ آنند نے جیتی ہیں اور ایک ویسیلن ٹوپالوف نے۔ باقی تین گیمز کے بے نتیجہ رہنے کے باعث اب تک ٹوپالوف کے 2.5 پوائنٹس ہیں جبکہ وشواناتھ آنند اپنے 3.5 پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں اپنے حریف پر مجموعی برتری برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

دونوں کھلاڑیوں کے مابین ساتویں گیم پیر کو کھیلی جائے گی، جب ان کے درمیان شطرنج کی بساط پر مہروں کے رنگ ایک بار پھر تبدیل ہو جائیں گے۔ تب بھارت سے تعلق رکھنے والے موجودہ عالمی چیمپیئن دوبارہ سفید مہروں کے ساتھ کھیلیں گے۔

وشواناتھ آنند پہلی مرتبہ 2007 میں عالمی چیمپیئن بنے تھے اور 2008 میں وہ اپنے اس اعزاز کا دفاع کرنے میں بھی کامیاب رہے تھے۔ ان کے بلغاریہ سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ حریف ٹوپالوف کو آنند کو چیلنج کرنے کا حق اس وقت حاصل ہوا تھا جب انہوں نے گزشتہ برس فروری میں امریکہ سے تعلق رکھنے والے گیٹا کامسکی کو اس چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں ہرا دیا تھا۔

Schachspiel - Weiss ist am Zug
یہ مقابلے انٹرنیٹ پر براہ راست دیکھے جا سکتے ہیںتصویر: AP

اس فائنل کے نتیجے میں شطرنج کا نیا عالمی چیمپیئن بننے والے کھلاڑی کو 1.2 ملین یورو یا قریب 1.6 ملین ڈالر مالیت کا نقد انعام دیا جائے گا جبکہ ہارنے والے کھلاڑی کو آٹھ لاکھ یورو کی انعامی رقم ملے گی۔ شطرنج کی عالمی چیمپیئن شپ کا موجودہ فائنل 13 مئی تک جاری رہے گا۔

اس کھیل کے شائقین آنند اور ٹوپالوف کے مابین کھیلی جانے والی گیمز خاص طور پر اس فائنل مقابلے کے لئے بنائی گئی ویب سائٹ پر براہ راست بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اس ویب سائٹ کا پتہ ہے: www.anand-topalov.com

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں