عالمی ٹیکس قوانین: ’انقلاب‘ چند ہفتوں میں، جرمن وزیر خزانہ
26 مئی 2021جرمن دارالحکومت برلن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق وفاقی جرمن وزیر خزانہ شولس پُرامید ہیں کہ بڑے بڑے بین الاقوامی کاروباری اداروں پر مختلف ممالک میں لگائے جانے والے مختلف شرح کے ٹیکسوں سے متعلق عالمگیر سطح پر ایک 'بڑی پیش رفت‘ کی صورت میں اتفاق رائے چند ہفتوں کے اندر اندر ہو سکتا ہے۔
ٹیکس چوروں نے یورپی حکومتوں کے پچاس ارب یورو چرا لیے
اولاف شولس نے اپنے فرانسیسی ہم منصب برُونو لمیئر کے ساتھ مل کر بدھ چھبیس مئی کے روز ایک ورچوئل نیوز کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا، ''یہ نئے عالمی قوانین صرف کم از کم گلوبل کارپوریٹ ٹیکس کا احاطہ ہی نہیں کریں گے بلکہ ان کے ذریعے متعلقہ ممالک کی قومی سرحدوں سے باہر تک ڈیجیٹل خدمات پیش کرنے والے کاروباری اداروں سے ٹیکسوں کی وصولی کے معاملات بھی حل کر لیے جائیں گے۔‘‘
پاکستان میں ٹیکس چوری کیسے روکی جا سکتی ہے؟
جرمن وزیر خزانہ نے کہا، ''ہم عنقریب اپنی منزل پر پہنچنے والے ہیں۔ جی ٹوئنٹی، جی سیون اور تنظیم برائے اقتصادی تعاون اور ترقی کی طرف سے ہر سطح پر مذاکرات تقریباﹰ ہر روز جاری ہیں۔‘‘
ٹیکس چوروں کی جنتیں کہاں کہاں، آکسفیم کی فہرست جاری
شولس نے فرانسیسی وزیر خزانہ کے ساتھ مل کر مزید کہا، ''میں بہت پُر امید ہوں کہ آئندہ صرف چند ہی ہفتوں میں ہم انٹرنیشنل کارپوریٹ ٹیکسوں کی ادائیگی میں انقلاب پر متفق ہو جائیں گے۔ ان تبدیلیوں میں کم از کم گلوبل کارپوریٹ ٹیکس بھی شامل ہو گا اور ان میں ٹیکسوں کی وصولی کے حقوق کا بھی نئے سرے سے تعین کر دیا جائے گا۔‘‘
م م / ع ا (روئٹرز، ڈی پی اے)