1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی کپ مقابلے، کینیڈا نے کینیا کو ہرا دیا

8 مارچ 2011

عالمی کپ کرکٹ مقابلوں کے تئیسویں میچ میں کینیڈا نے کینیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر کرکٹ ورلڈ کپ میچوں میں مجموعی طور پر دوسری کامیابی حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/10Uyq
تصویر: dapd

گروپ اے کے سلسلے میں نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کینیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 198 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جواب میں کینیڈا نے یہ ہدف 45.3 اوورز میں ہی عبور کر لیا۔

کینیڈا کے کپتان اشیش باگی اور جمی ہنسارا نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 132 رنز جوڑے اور اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ہنسارا نے 70 جبکہ باگی نے 64 رنز کی انفرادی اننگز کھیلی۔

Cricket Indien vs Bangladesch Dhaka
عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں تماشائیوں کی دلچسپی برقرار ہےتصویر: picture alliance/dpa

اس سے قبل کینیڈا کے بولر ہنری اُنسیڈا نے اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے چھبیس رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں اور کینیا کے بلے بازوں کو مشکلات سے دوچار کر دیا۔ افریقی ٹیم کی طرف سے تامی مشرا اور اور ٹامس اُڈویا نے کچھ مزاحمت دکھائی۔ دونوں نے اکاون اکاون رنز کی اننگز کھیلی۔

کینیڈا کے ہاتھوں مسلسل تیسری مرتبہ شکست کھانے کے بعد افریقی ٹیم کے کپتان جمی کامینڈا نے کہا کہ وہ سمجھ رہے تھے کہ ان کی ٹیم 199 رنز کے ہدف کا دفاع کر لے گی،’اگرچہ ہم نے صرف 198 رنز بنائے تھے، لیکن ہمیں یقین تھا کہ ہم اس ٹوٹل کا دفاع کر لیں گے۔ ایک اہم کیچ گرا دیا گیا اور پھر ہمیں دوبارہ موقع نہ مل سکا تاہم اس شکست کےحوالے سے میں کسی کو ذمہ دار قرار نہیں دینا چاہتا‘۔

دوسری طرف کینیڈا کے کپتان باگی نے کہا کہ ان کی ٹیم کا مقصد تھا کہ وہ کینیا کو شکست سے دوچار کرے،’ہم حال میں رہتے ہیں۔ ہنری نے کمال کی بولنگ کی، جس سے ہمیں ایک بہتر پوزشن میسر آئی۔ ہم امید کر رہے ہیں کہ اس ٹورنامنٹ کے بقیہ دو میچوں میں بھی ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے‘۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں