1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ کے شائقین کی نظریں بھارت اور آئرلینڈ کے میچ پر

6 مارچ 2011

کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپ بی کے میچوں میں آج بھارتی ٹیم آئرلینڈ کا مقابلہ کرے گی۔ ماہرین کے مطابق انگلینڈ کے خلاف اپ سیٹ کرنے والی آئرلینڈ کی ٹیم بھارت کو مشکلات کا شکار کر سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/10U6K
تصویر: AP

بھارت اور آئرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان آج تک صرف ایک ہی میچ کھیلا گیا ہے، جس میں بھارت کو کامیابی ہوئی تھی۔ تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان برصغیر یا ورلڈ کپ کے سلسلے میں کھیلا جانے والا یہ پہلا میچ ہو گا۔ بھارتی ٹیم بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں آئرلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔

بھارتی ٹیم کے لیے اصل پریشانی کی بات یہ ہے کہ پچھلے میچ میں آئرلینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کا ایک بڑا اپ سیٹ کر دیا تھا، جس کے بعد اس ٹیم کا حوصلہ انتہائی بلند ہوا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق رواں ورلڈ کپ میں اب تک کھیلے گئے اپنے دو میچوں میں بھارت نے 621 رنز دیے ہیں، جبکہ اب اسے آئرلینڈ کے خلاف بولنگ کے شعبے میں خاصا محتاط ہونے کی ضرورت ہے۔ اس وقت بھارتی کوچ اور کپتان کے لیے اہم بات یہ ہو گی کہ آیا وہ تین فاسٹ بولروں اور ایک اسپنر کے ساتھ میدان میں اتریں یا دو فاسٹ بولروں اور دو اسپنرز کے ساتھ۔

Kevin O' Brien Cricket
آئرلینڈ اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ کے سلسلے کا یہ پہلا میچ ہےتصویر: AP

دوسری جانب آئرلینڈ کی ٹیم میدان میں بے خوف و خطر اترے گی۔ گروپ پوزیشن میں انتہائی نیچے دکھائی دینے والی آئرلینڈ نے انگلینڈ کو شکست دے کر سب کی توجہ حاصل کر لی ہے، اور اس فتح کے بعد اسے اور بھی خطرناک سمجھا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ عالمی کپ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر ابتدائی مرحلے ہی میں ایونٹ سے باہر کر دیا تھا۔

ماہرین کا خیال ہے کہ بنگلور کا میدان بولروں کے لئے قبرستان ثابت ہو سکتا ہے اور ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کے لیے جیت کے امکانات خاصے روشن ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر / خبر رساں ادارے

ادارت : ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں