غزہ کی ناکہ بندی میں نرمی کا اسرائیلی اعلان، یورپی یونین کا خیرمقدم
6 جولائی 2010اسرائیلی حکومت نے پیر کے روز اپنے اعلان میں غزہ کے لئے تعمیراتی سامان کی ترسیل کی اجازت کا اعلان کیا۔ حکومتی اعلان میں کہا گیا ہے کہ اُسے غزہ میں تعمیراتی شعبے کے لئے مخصوص ساز وسامان عالمی برادری کی نگرانی میں استعمال ہونے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کیتھرین ایشٹن نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اسرائیلی حکومت کا یہ بیان غزہ کے لئے اس کی پالیسی پر نظر ثانی کا اشارہ دے رہا ہے، جو ایک خوش کن بات ہے:’’ملکی سلامتی کا خیال رکھتے ہوئے یہ نئی اسرائیلی پالیسی غزہ میں رہنے والے عام شہریوں کے معیار زندگی کی بہتری میں اہم کردار کی حامل ہو گی۔‘‘
پیر کے روز اسرائیلی حکومت کی طرف سے غزہ کے لئے قابل ترسیل تعمیراتی سامان کی ایک نئی فہرست جاری کی گئی۔ اسرائیلی بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ ساز وسامان صرف ایسے پروجیکٹس کے لئے استعمال کیا جائے گا، جو فلسطینی انتظامیہ کی طرف سے منظور کردہ ہوں اور جن کی نگرانی عالمی برادری کرے۔
یورپی خارجہ امور کی سربراہ کیتھرین ایشین نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نئی اسرائیلی فہرست کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ غزہ کی تعمیر نو کے عمل کو آگے بڑھا کر اس کی معاشی صورت حال میں بہتری کی مؤثر کوشش کی جا سکے۔
دریں اثناء اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اپنے دورہء امریکہ کے لئے واشنگٹن روانہ ہو گئے ہیں۔ اس دورے میں وہ امریکی صدر باراک اوباما کے ساتھ آج منگل کے روز ملاقات کریں گے۔
مقبوضہ علاقوں میں یہودی آباد کاری کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں آ جانے والی قدرے سرد مہری کے تناظر میں اس ملاقات کو خاصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں نئی بستیوں کی تعمیر کے موضوع کو مرکزی حیثیت حاصل رہے گی۔ اس سے قبل نیتن یاہو اور صدر اوباما کے درمیان رواں برس مارچ میں بھی ملاقات ہوئی تھی۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : امجد علی