1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غیر ملکی صحافی ’فریڈم فلوٹیلا‘ سے دور رہیں، اسرائیل

27 جون 2011

اسرائیل نے غیر ملکی صحافیوں کوخبردار کیا ہے کہ وہ غزہ کے لیے روانہ ہونے والے نئے فریڈم فلوٹیلا سے دور رہیں۔ دوسری جانب اس بحری قافلے کی روانگی کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

https://p.dw.com/p/11jwp
غزہ کے سمندری علاقے میں اسرائیلی جنگی کشتیاںتصویر: AP

اسرائیلی حکومت کے پریس آفس کے ڈائریکٹر اورن ہیلمن نے ایک خط میں تحریر کیا کہ بحری جہازوں کا نیا قافلہ غزہ کی ناکہ بندی کو توڑنا چاہتا ہے۔’’ یہ ناکہ بندی جائز ہے۔ یہ تمام معاہدوں اور بین الاقوامی قوانین کا خیال رکھتے ہوئے کی گئی ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اس امدادی قافلے میں شرکت اسرائیلی قوانین کی خلاف ورزی اور ایسا کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی اور ان افراد پر اسرائیل میں داخلے پر دس سال تک کی پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ان افراد کا ساز و سامان ضبط کیا جا سکتا ہے۔

اسرائیلی اور فلسطینی صحافیوں کی ایسوسی ایشن نے یروشلم حکومت کی جانب سے اس بیان کی مذمت کی ہے۔ فورن پریس ایسوسی ایشن نے کہا کہ حکومت کے اس پیغام نے اسرائیل میں آزادی صحافت کے حوالے سے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔’’کسی بھی واقعے کی تفصیلات سے دوسروں کو آگاہ کرنا صحافیوں کی ذمہ داری ہے اور انہیں خوفزدہ کیے بغیر ان کا کام کرنے دیا جائے۔ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اپنا فیصلہ فوری طور پر واپس لے‘‘۔ اسرائیل میں شہری حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’ACRI‘ نے اپنے ایک خط میں کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے اس طرح کے بیانات صحافت اور ایک آزاد معاشرے کے اصولوں کے منافی ہیں۔

Superteaser NO FLASH Israel Mavi Marmara Gaza Flotte
امدادی سامان کا سابقہ فریڈم فلوٹیلا اسرائلی ساحل پرتصویر: AP

گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر رون پروسر نے کہا کہ یہ اشتعال انگیزی ہے اور بحری جہازوں کے قافلے کو غزہ پہنچنے سے پہلے روکنے کی بھرپورکوشش کی جائے گی۔ اقوام متحدہ اور کئی دیگر عالمی رہنماؤں نے اپیل کی ہے کہ امدادی قافلے کر روانہ نہیں ہونے چاہیے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ کے لیے امدادی سامان اس عالمی ادارے کے توسط سے بھیجا جائے۔ واشنگٹن حکام نے امریکی شہریوں کو اس مشن میں نہ شامل ہونے کا مشورہ دیا ہے۔ اسرائیل نے2006ء سے غزہ کی ناکہ بندی کی ہوئی ہے۔

دوسری جانب 22 ممالک کے 350 کارکن بحری جہازوں کے قافلے کی تیاری میں لگے ہوئے ہیں۔ غزہ کے لیے امدادی سامان سے لدا ہوا یہ قافلہ سویڈن کے ادیب ہیننگ مانکل اور دنیا کے مختلف ممالک کے نامور صحافی کو ساتھ لے کر یونان کے ساحلوں سے اسی ہفتے روانہ ہو گا۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں