1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غیرملکی مداخلت قبول نہیں، اشرف غنی

11 اگست 2019

ایک ایسے وقت میں کہ جب کابل حکومت کو مذاکرات میں شامل کیے بغیر امریکا اور طالبان کے درمیان امن ڈیل ہونے کو ہے، افغان صدر اشرف غنی نے غیرملکی مداخلت کو مسترد کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3NjNe
Afghanistan Kabul | Ashraf Ghani nach Gebet zum Opferfest
تصویر: picture-alliance/AP Photo/N. Khan

عید الاضحیٰ کے موقع اپنے بیان میں اشرف غنی نے کہا کہ افغانستان کا مستقبل افغانستان کے باہر طے نہیں ہو سکتا۔ ''ہمارا مستقبل افغانستان سے باہر طے نہیں کیا جا سکتا چاہے وہ ہمارے دوست ممالکوں کے دارالحکومت ہوں یا ہمارے ہمسائے۔‘‘

امریکا کی نیت پر شکوک وشبہات ہیں، طالبان سربراہ

امریکا اور طالبان کے مذاکرات کا آٹھواں دور

یہ بات اہم ہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان افغانستان میں جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات جاری ہیں اور توقعات ظاہر کی جا رہی ہیں کہ فریقین جلد ہی کسی امن معاہدے پر اتفاق کر سکتے ہیں۔ تاہم طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں کابل حکومت ایک طرح سے غیرفعال رہی ہے۔

عیدالضحیٰ کی نماز کے بعد گفتگو میں غنی نے اصرار کیا کہ اگلے ماہ ملک میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے بعد افغانستان کے صدر کو یہ طاقت ہو گی کہ وہ ملک کے مستقبل کی بابت فیصلے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان نہیں چاہتا کہ دیگر ممالک اس کے داخلی امور میں مداخلت کریں۔

امریکی مندوب برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کی کوشش ہے کہ طالبان کے ساتھ امن معاہدے کو یکم ستمبر تک حتمی شکل دے دی جائے، تاکہ افغانستان میں صدارتی انتخابات سے قبل امن کا ماحول قائم ہو۔ فریقین کو توقع ہے کہ وہ افغانستان سے قریب بیس ہزار نیٹو اور امریکی فوجیوں کے انخلا سے متعلق امور پر اتفاق رائے کر لیں گے، جب کہ اس کے عوض طالبان سے ضمانت لی جائے گی کہ وہ دیگر شدت پسند گروہوں کو اپنے ہاں جگہ نہیں بنانے دے گا۔

قطر میں طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ مذاکراتی دور کے خاتمے پر ایک امن معاہدے کی توقع کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے عید کے روز اپنے پیغام میں اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ عیدیں 'اسلامی نظام‘ کے تحت منائی جائیں گی، جو مستقل امن اور اتحاد سے عبارت ہو گا۔

ع ت، ع ح (اے پی، روئٹرز)