فارمولا ون، جرمن ڈرائیور روزبیرگ عالمی چیمپئن بن گئے
27 نومبر 2016متحدہ عرب امارات میں ستائیس نومبر بروز اتوار منعقد ہونے والی دبئی گراں پری میں پہلے نمبر پر برطانوی ڈرائیور لوئیس ہیملٹن رہے جبکہ نیکو روز بیرگ دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ تاہم اس سیزن کے دوران مجموعی پوائنٹس کی بدولت روزبیرگ کو اس ریس میں صرف وکٹری اسٹینڈ پر ہی آنا تھا، جو انہوں نے کر دکھایا۔
فارمولا ون ریسنگ، ریکارڈو نے ملائیشین گراں پری جیت لی
رواں سیزن میں روزبیرگ کی مسلسل چوتھی کامیابی
سنگاپور گراں پری، نیکو روز بیرگ آگے نکل گئے
رواں سیزن کے آخری ریس کے اختتام پر روزبیرگ کے مجموعی پوانٹس 385 ہو گئے جبکہ انہی کی ٹیم کے ساتھی ڈرائیور ہیملٹن کے پوائنٹس 380 رہے۔ اس ریس میں ہیملٹن پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ انہوں نے ’گندے ہتھکنڈے‘ استعمال کیے۔ ہیملٹن کی اس سیزن میں یہ دسویں کامیابی تھی۔
روزبیرگ نے ریس کے بعد کہا، ’’یقینی طور پر یہ میرے کیریئر کی بہترین ریس نہیں تھی اور میں اس سے زیادہ لطف اندوز نہیں ہوا۔‘‘ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ وہ امسالہ چیمیئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے قابل ہو گئے ہیں۔، ’’یہ مرحلہ میرے لیے سخت اور اعصاب شکن تھا۔‘‘
روزبیرگ اب جرمنی کے ایسے تیسرے ڈرائیور بن گئے ہیں، جنہوں نے فارمولا ون کا ٹائٹل جیتا ہے۔ اس سے قبل مشہور زمانہ جرمن ڈرائیور میشائل شوماخر اور سباستیان فیٹل اس ٹائٹل کو جیت کر اپنے ملک کا نام روشن کر چکے ہیں۔
دبئی گراں پری میں تیسرے نمبر پر آنے والے فیراری ٹیم کے جرمن ڈرائیور فیٹل اس سیزن میں پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر رہے جبکہ تیسری پوزیشن ریڈ بل ٹیم کے آسٹریلوی ڈرائیور ڈینئل ریکارڈو کے پاس رہی۔
گراں پری کے سلسلے میں ایک ریس جیتنے والے ڈرائیور کو پچیس پوائنٹس ملتے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے کو اٹھارہ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ڈرائیور کو پندرہ پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔ اس سال اس سیزن میں مجموعی طور پر اکیس ریسیں منعقد ہوئیں۔