فارمولا ون موٹر ریسنگ: جرمن گراں پری ہیمٹلن نے جیت لی
31 جولائی 2016فارمولا ون کی امسالہ عالمی چیمپئن میں شامل اور اکتیس جولائی بروز اتوار جرمن شہر ہوکن ہائم کے سرکٹ پر منعقد کردہ یہ گراں پری جیتنے کے بعد مرسیڈیز ٹیم کے برطانوی ڈرائیور لوئس ہیملٹن نے کہا کہ وہ اپنی اس فتح پر بہت خوش ہیں، ’’مجھے ایک اچھا آغاز ملا اور میرے انجینیئرز نے مجھے ایک نہایت عمدہ کار دی۔‘‘
جرمن گراں پری میں پول پوزیشن سے دوسرے نمبر پر اس ریس کا آغاز کرنے والے برطانوی ڈرائیور ہیملٹن کے بقول انہیں اندازہ تھا کہ آج کے دن وہ کامیاب رہیں گے، ’’میں آج بہت پرسکون تھا۔ میں نے کوئی غلطی نہیں کی۔ گزشتہ روز میرے لیے اچھا نہیں تھا لیکن میں نے اپنی غلطیوں سے سیکھا اور ان کو دہرانے سے باز رہا۔‘‘
مرسیڈیز ٹیم کے ڈرائیور لوئس ہیملٹن اس کامیابی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر اپنی اب تک کی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔ موجودہ سیزن میں ان کے پوائنٹس کی مجموعی تعداد اب 217 ہوگئی ہے۔
مرسیڈیز ٹیم میں ان کے ساتھی اور جرمنی سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور نیکو روزبرگ اب بھی اس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہیں۔ ان کے پوائنٹس کی تعداد 198 بنتی ہے۔ ایک سو تینتیس پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ریڈ بل ٹیم کے ڈینیل ریکارڈو ہیں۔
ابھی تک کسی بھی ریس میں کامیابی حاصل نہ کر سکنے والے ریکارڈو جرمن گراں پری میں آج دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اس ریس میں تیسری پوزیشن ریڈ بل ٹیم ہی کے ڈرائیور ماکس فرسٹاپن کو حاصل ہوئی۔ پول پوزیشن سے ریس شروع کرنے والے نیکو روزبرگ عمدہ آغاز نہ کر سکے لیکن پھر بھی وہ چوتھی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
جارحانہ ڈرائیونگ کی وجہ سے روزبرگ کو ’پِٹ اسٹاپ‘ میں پانچ سکینڈ کی سزا بھی ملی۔ انہوں نے قواعد کی خلاف ورزی اور خطرناک اوورٹیک کرتے ہوئے فرسٹاپن کو ٹریک سے اترنے پر مجبور کر دیا تھا، جس کی وجہ سے انہیں یہ سزا دی گئی تھی۔ ریس کے بعد اکتیس سالہ نیکو روزبرگ نے کہا، ’’یہ ایک سخت ریس تھی۔ بہت ہی سخت۔ آغاز اچھا نہ ہوا اور کچھ بھی ٹھیک نہ ہو سکا۔‘‘
فارمولا ون موٹر ریسنگ کی اس سال کی عالمی چیمپئن شپ کی اگلی دوڑ بیلجین گراں پری اٹھائیس اگست کو بیلجیم میں منعقد کی جائے گی۔ ممکنہ طور پر بیلجین گراں پری میں کامیابی ساتھ نیکو روزبرگ لوئس ہیملٹن سے آگے نکل سکتے ہیں۔
گراں پری جیتنے والے ڈرائیور کو پچیس پوائنٹس ملتے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے کو اٹھارہ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ڈرائیور کو پندرہ پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔