فرانس: نیوکیلیڈونیا میں بدامنی،پولیس پر حملہ،عمارتیں نذر آتش
24 جون 2024اس جزیرہ نما میں فرانسیسی ریاست کی نمائندگی کرنے والے ہائی کمیشن کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے،"رات بھر پورے علاقے میں اور پنس اور میری جزیرے پر بدامنی رہی، پولیس پر حملے کیے گئے، آتش زنی کی گئی اور سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، جس میں مداخلت کے لیے پولیس کی متعدد کمک طلب کرنی پڑی۔"
فرانس میں فسادات جاری، مزید سینکڑوں افراد گرفتار
الجزائر میں نوآبادیاتی دور کے مظالم پر معافی نہیں مانگیں گے، فرانس
ان پرتشدد واقعات میں کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے اور 1.5 بلین یورو سے زیادہ کے نقصان کا اندازہ ہے۔
فرانسیسی حکومت نے پیرس سے تقریباً سترہ ہزار کلومیٹر دور اس علاقے میں حالات پر قابو پانے کے لیے تین ہزارسے زیادہ فوجی اور پولیس بھیجی ہے۔
آتش زنی کے واقعات
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے ایک نمائندے نے بتایا کہ حملہ آوروں نے نیو کیلیڈونیا کے دارالحکومت نومیا کے شمال میں واقع ڈیومبیا شہر میں ایک تھانہ اور ایک میونسپل گیراج کو آگ لگادی۔ ان پر قابو پانے کے لیے چار بکتر بند گاڑیوں کی مدد لینی پڑی۔
اے ایف پی کے مطابق نومیا کے ڈوکوس اور میجینٹا اضلاع میں بھی کئی مقامات پر آتش زنی کے واقعات پیش آئے جب کہ بوریل میں پولیس اور علیحدگی پسندوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔
ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ متعد علاقوں اور بالخصوص ڈوکوس اور میجنٹا میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شرپسندوں نے میونسپل تھانے کے احاطے میں رکھی ہوئی گاڑیوں اور نجی گاڑیوں کو بھی آگ لگادی۔
ہائی کمیشن نے مزید بتایا کہ پیتا میں کئی مقامات پر پولیس کے ساتھ بدسلوکی کرنے، عمارتوں کی توڑ پھوڑ کرنے اور آگ لگانے کی کوشش بھی کی گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مارے میں بھی پولیس پر حملہ کیا گیا۔
بدامنی کا سبب کیا ہے؟
بدامنی کے واقعات کے مدنظر پیر کی صبح کو کئی شہروں میں متعدد اسکولوں کو بند کردیا گیا۔
نیوکیلیڈونیا میں مئی کے وسط میں انتخابی اصلاحات کے ایک منصوبے کے خلاف فسادات اور لوٹ مار شروع ہوئی۔ مقامی لوگوں کو خدشہ ہے کہ ان اصلاحات کے نتیجے میں وہ ایک مستقل اقلیت بن کر رہ جائیں گے اور آزادی کی ان کی امیدیں یقینی طور پران کی دسترس سے باہر ہو جائیں گی۔
فرانس میں تیرہ سال سے کم عمر بچوں کے رات کےاوقات میں باہر نکلنے پر کرفیو عائد
گزشتہ ماہ فسادات کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیے گئے ایک گروپ کے سات آزادی پسند کارکنوں کو ہفتے کے روز مقدمے کی کارروائی کے لیے فرانس بھیج دیا گیا۔
ماضی میں سن 2018،2020 اور2021 میں ہونے والے ریفرینڈمز میں سابق فرانسیسی نوآبادیات کے لوگوں نے فرانس کے ساتھ رہنے کے حق میں ووٹ دیے تھے لیکن آخری ووٹنگ کے بعد سے علیحدگی پسندوں نے بائیکاٹ کا سلسلہ شروع کردیا جس کی وجہ سے نئی حیثیت کے متعلق بات چیت تعطل کا شکار ہے۔
نیوکیلیڈونیا فوجی اور جغرافیائی لحاظ سے فرانس کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل ہے اس کے ساتھ ہی یہاں نکل کا بہت بڑا ذخیرہ بھی موجود ہے۔
ج ا/ ص ز (اے ایف پی، ڈی پی اے)