فیفا ورلڈ کپ: پری کوارٹر فائنل معرکہ ختم
30 جون 2010منگل کو کھیلے گئے پہلے میچ میں ایشیائی ٹیم جاپان کو لاطینی امریکی ٹیم پیراگوائے نے پنلٹی ککس پر5-3 سے شکست دی۔ پیراگوائے نے اپنی فٹ بال تاریخ میں پہلی بار عالمی کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اگر جاپان یہ میچ جیت جاتا تو اس کے لئے بھی یہ پہلا اعزاز ہوتا۔
مقررہ نوے اور اضافی تیس منٹ میں جاپان نے پیرا گوائے کو نہ صرف گول کرنے سے روکے رکھا بلکہ متعدد بار ان کے گول پوسٹ پر بہترین حملے بھی کئے۔ دونوں ٹیموں کو گول کرنے کے بہت مواقع ملے تاہم گول کیپرز کی اچھی کارکردگی سے کوئی ٹیم بھی گول نہ کرپائی۔
جاپانی کوچ تاکیشی اوکاڈا نے اپنی ٹیم پر فخر کرتے ہوئے کہا، ’’ انہوں نے نہ صرف جاپان بلکہ پورے ایشیا کی نمائندگی کرتے ہوئے بہترین کھیلا‘‘۔
دن کے دوسرے میچ میں یورپی ٹیمیں سپین اورپرتگال آمنے سامنے تھیں ۔ یورپی چیمپیئن ٹیم سپین نے اس مقابلے میں صفر کے مقابلے میں ایک گول سی برتری حاصل کی۔ میچ کا واحد گول ہسپانوی مڈ فیلڈر ڈیوڈ وِلا نے کیا جو ان کا اس ٹورنامنٹ میں چوتھا گول ہے۔
شروع سے ہی سپین کھیل پر چھایا رہا اورزیادہ دیر گیند ان ہی کے پاس رہی۔ سپین کے گول کیپر نے پرتگالی فاروڈز کے متعدد حملوں کو ناکام بناکر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردارنبھایا۔ دوسرے ہاف کے شروع میں پرتگال کو گول کرنے کا ایک بہترین موقع ملا مگر گیند دفاعی کھلاڑی کی ٹانگ سے ٹکرا کر گول پوسٹ کے پاس سے ہوتی ہوئی میدان سے باہرچلی گئی۔
پرتگالی کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے اگرچہ قدرے بہتر کھیل پیش کیا تاہم وہ گول نہ کرسکے۔ ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل وہ شائقین فٹ بال کی امیدوں کا محورتھے تاہم وہ پورے ٹورنامنٹ میں محض ایک گول کرپائے۔ اسی طرح گزشتہ روز کے میچ میں ہسپانوی سٹار فرنانڈو ٹوریس بھی توقع کے مطابق کھیل نہ دکھاسکے اور انہیں 58 ویں منٹ ہی میں کوچ نے باہر بلا لیا۔
عالمی فٹ بال میلے میں اب دو دن کا وقفہ ہے۔ جمعہ دو جولائی کو کوارٹر فائنل مرحلہ شروع ہو گا۔ اس دن ہالینڈ کا برازیل سے جبکہ گھانا کا یوروگوائے سے مقابلہ ہوگا۔ ہفتہ تین جولائی کو ارجنٹائن کا جرمنی سے جبکہ پیراگوائے کا سپین سے سامنا ہوگا۔
رپورٹ : شادی خان سیف
ادارت : عاطف بلوچ