1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاپتہ افراد کے وکیل کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم اغوا

17 دسمبر 2019

پاکستان میں لاپتہ افراد کے ایک وکیل کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے۔ ریٹائرڈ فوجی وکیل پاکستانی خفیہ اداروں کی جانب سے مبینہ طور پر اغوا کیے گئے درجنوں افراد کے مقدمات لڑ رہے تھے۔

https://p.dw.com/p/3UyP8
Pakistan Protest in Karatschi
تصویر: DW/U. Fatima

انسانی حقوق کے سرگرم کارکن اور لاپتہ افراد کے مقدمات لڑنے والے وکیل کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم کے اہل خانہ کے مطابق انہیں گزشتہ شب راولپنڈی میں واقع ان کے گھر سے اغوا کیا گیا۔ نیوز ایجنسی ڈی پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے اغوا ہونے والے وکیل کے بیٹے حسنین انعام نے بتایا، ''گزشتہ رات کم از کم دس افراد نے میرے والد کو گن پوائنٹ پر اغوا کر لیا۔‘‘

انعام الرحیم کے بیٹے کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے والد کے اغوا کے بارے میں مقدمہ درج کرا دیا ہے لیکن ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہو پائی۔

فی الوقت یہ بھی واضح نہیں ہے کہ ان کے اغوا میں کون ملوث ہے تاہم عام طور پر اس طرح کے واقعات کا الزام پاکستانی سکیورٹی اداروں پر عائد کیا جاتا ہے۔

عالمگیر وزیر کو کس نے اٹھایا؟

حال ہی میں کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم ایک سابق جنرل کو چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متلعقہ اتھارٹی کا سربراہ تعینات کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے معاملے کو عدالت میں لے گئے تھے۔

اس سے قبل وہ ایسے درجنوں لاپتہ افراد کی نمائندگی بھی کرتے رہے ہیں جنہیں، ان کے اہل خانہ کے مطابق، مبینہ طور پر خفیہ اداروں نے لاپتہ کر رکھا ہے۔ پاکستانی سکیورٹی اداروں پر جبری گمشدگیوں کے سینکڑوں الزامات ہیں تاہم سکیورٹی ادارے ایسے الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

پاکستان میں جبری گمشدگیوں کے زیادہ تر واقعات بھی سابق فوجی حکمران پرویز مشرف کے دور اقتدار میں سامنے آئے تھے۔ انسانی حقوق کے کارکن اور تنظیمیں ایسے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں۔

گمشدہ افراد کا ’ریکارڈ مرتب کرنے والا‘ خود لاپتہ

جبری گمشدگیوں کے واقعات سے نمٹنے کے لیے حال ہی میں ایک انکوائری کمیشن تشکیل دیا گیا تھا۔ کمیشن کے مطابق اب تک مجموعی طور پر چھ ہزار واقعات میں سے چار ہزار سے زائد مقدمات حل کر لیے گئے ہیں۔

حالیہ کچھ مہینوں کے دوران کئی صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں سمیت درجنوں لاپتہ افراد اپنے اپنے گھروں کو لوٹ آئے تھے۔

ش ح / ع ا (ڈی پی اے)

آئی ایس آئی نے نہیں، پولیس نے گرفتار کیا تھا، گلالئی