1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور دھماکوں کی گونج دنیا بھر میں سنائی دی

شمشیر حیدر28 مارچ 2016

سیاست دان ہوں یا اداکار یا مشہور کھلاڑی، دنیا بھر سے کئی معروف شخصیات نے لاہور میں ہونے والے دہشت گردی کے خونریز واقعے کی مذمت اور ہلاک ہونے والوں کے یک جہتی کے اظہار کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا۔

https://p.dw.com/p/1IL06
Lahore - Bombenanschlag auf Christen
تصویر: picture alliance/dpa/R. Dar

گزشتہ روز لاہور کے گلشن اقبال پارک میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے میں عورتوں اور بچوں سمیت ستّر افراد ہلاک ہوئے جب کہ سینکڑوں زخمی بھی ہوئے۔ اس خونریز واقعے کی مذمت میں جہاں دنیا بھر سے عام لوگوں نے پاکستان، لاہور اور ہلاک و زخمی ہونے والوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے پیغامات لکھے وہیں کئی معروف شخصیات نے بھی سوشل میڈیا پر اس واقعے کی مذمت کی۔

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا، ’’میں گزشتہ روز لاہور میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ ترکی ہمیشہ کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔‘‘

حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرنے والے ایرانی صدر حسن روحانی نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اس واقعے پر اپنے خیالات کا اظہار ان الفاظ میں کیا، ’’لاہور دھماکوں میں معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر غمگین ہوں۔ پاکستانی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت، خاص طور پر ان لوگوں کے ساتھ جو اپنے پیاروں سے محروم ہو گئے۔‘‘

امریکا میں آئندہ صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شامل ڈونلڈ ٹرمپ اور ہیلری کلنٹن نے بھی اس واقعے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اس واقعے پر بھی اپنے مخصوص اور متنازعہ انداز میں ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا:

’’بنیاد پرست اسلامی حملہ، اس مرتبہ پاکستان میں مسیحی عورتوں اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کم از کم 67 ہلاک اور 400 زخمی۔ صرف میں ہی اس مسئلے کو حل کر سکتا ہوں۔‘‘

ٹرمپ کے اس متنازعہ بیان پر بھی ردِ عمل دیکھا گیا۔ لیکن ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ہیلری کلنٹن کے بیان پر بھی تنقید دیکھی گئی۔ ہیلری کلنٹن نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا:

’’میری دعائیں لاہور میں ایسٹر کے روز ہولناک حملے میں ہلاک ہونے والوں کے ساتھ ہیں۔ پاکستان اور تمام ممالک کو دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہو گا اور انہیں شکست دینا ہو گی۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون، برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون، جرمن وزارت خارجہ سمیت دنیا بھر کی کئی شخصیات اور اداروں نے بھی ان حملوں کی مذمت کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا۔ سیاسی شخصیات کے علاوہ فنون لطیفہ اور کھیلوں سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے لاہور میں ہونے والے دہشت گردی کے اس خونریز واقعے کی مذمت کی۔

بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی، اداکارہ پریتی زینتا اور دیا مرزا نے بھی اس خونریز حملے کی مذمت کی اور ہلاک و زخمی ہونے والوں کے ساتھ یک جہتی کا اظہار بھی کیا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں