ماسکو مخالف جدوجہد جاری رکھوں گا: چیچن باغی عمروف
5 اگست 2010ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ جدوجہد میں عمروف کی واپسی کے اعلان کی وجوہات کیا ہیں۔ انہوں نے چند روز قبل اپنے ایک ویڈیو پیغام میں غیر متوقع طور پر اعلان کیا تھا کہ وہ اب تھک چکے ہیں اور خود سے زیادہ توانا لیڈر کے حق میں دستبردار ہو رہے ہیں۔ عمروف ایک عرصے سے کريملن کے خلاف بغاوت کی قيادت کر رہے تھے۔
اپنے تازہ بیان میں عمروف نے کہا کہ قفقاذ کی صورتحال کے پیش نظر ان کے لئے ’’یہ بات ناممکن ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں سے علٰیحدہ ہو پائیں۔‘‘ ان کا یہ بیان باغیوں کی ویب سائٹ اور یو ٹیوب پر سامنے آیا ہے۔
باريش گوريلا ليڈر عمروف، جنہیں ابو عثمان کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ماسکو میں زیرزمین ريلوے نظام پر دہشت گردانہ حملے کی ذمہ ذاری قبول کر چکے ہيں۔ رواں برس ہونے والے اس حملے ميں 40 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
تازہ ویڈیو پیغام میں خودکار ہتھیار سے لیس عمروف نے کہا کہ ان کا پچھلا بیان درست نہیں تھا۔’’میری صحت خدا کے فضل سے اچھی ہے۔ میں خدا کے نام کے لئے اور اس کے دشمنوں کے خاتمے کے لئے آخری سانس تک لڑتا رہوں گا۔‘‘ عمروف نے اپنے موقف میں تبدیلی کی وجہ نہیں بتائی۔
اپنے گزشتہ ویڈیو پیغام میں عمروف دو مسلح جنگجوؤں کے ساتھ کسی نامعلوم مقام پر موجود تھے اور انہوں نے اپنے ساتھ ایک عسکریت پسند کا تعارف ودالوف کے نام سے کرایا تھا۔ اس ویڈیو میں عمروف نے نیلے رنگ کا سویٹر پہن رکھا تھا۔ تاہم اپنے تازہ ویڈیو میں عمروف مکمل گوریلا لباس میں نظر آئے۔
عمروف نے اپنے سابقہ ویڈیو پيغام ميں واضح الفاظ میں یہ کہا تھا:’’ہم سب نے متفقہ طور پر يہ فيصلہ کيا ہے کہ ميں آج پير کو مستعفی ہوجاؤں گا۔ ميں اب تھک چکا ہوں۔‘‘
دوکُو عمروف کے عسکریت پسندانہ سوچ کے حامل ’امارات قفقاذ‘ نامی اسلامی گروپ کے نئے رہنما اسلم وادالوف کو متعارف کرایا گیا تھا، جن کے بارے ميں عمروف کا کہنا تھا کہ وہ ’جوان اور زيادہ قوی‘ ہيں۔
جون کے اواخر ميں روسی صدر ميدويديف کے امريکہ کے دورے کے موقع پر امريکی وزير خارجہ ہليری کلنٹن نے عمروف کو مالی اور دوسری طرح کی امداد روکنے کے لئے اقدامات کا اعلان کیا تھا۔ اگرچہ روسی حکام کئی مرتبہ عمروف کی ہلاکت کا اعلان کر چکے ہيں ليکن قفقاذ کے گھنے جنگلات ميں پناہ لینے والے اس چيچن باغی ليڈر کو گزشتہ تقريباً دو عشروں سے کبھی گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔
اکتوبر سن 2007 ء ميں عمروف نے خود کو امارات قفقاذ کا سربراہ قرار ديا تھا اور روس کے کئی جنوبی علاقوں میں بکھرے ہوئے باغی گروپوں کو اکٹھا کر کے شمالی قفقاذ ميں شریعت يعنی اسلامی قانون نافذ کرنے کا عزم کيا تھا۔
رپورٹ: عاطف توقیر/خبر رساں ادارے
ادارت: گوہر نذیر گیلانی