1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

معروف ترک خاتون ناول نگار کے بیرون ملک سفر پر پابندی برقرار

مقبول ملک
14 مارچ 2017

ترکی کی ایک عدالت نے منگل کے روز اصلی ایردوآن کے بیرون ملک سفر پر عائد پابندی برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔ ماہر طبیعیات اصلی ایردوآن ایک بہت مشہور ناول نگار بھی ہیں، جو ترکی میں کرد نسلی اقلیت کی بڑی حامی سمجھی جاتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2ZAXs
Türkei Asli Erdogan Schriftstellerin
تصویر: Getty Images/AFP/O. Kose

استنبول سے منگل چودہ مارچ کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق اصلی ایردوآن کو اپنے خلاف ’دہشت گردی کے پراپیگنڈے‘ سے متعلق الزامات کا سامنا ہے اور ان کے خلاف کافی عرصے سے عدالتی کارروائی بھی جاری ہے۔

اس خاتون ناول نگار کو، جو ایک کامیاب صحافی بھی ہیں، ان کے خلاف عدالتی سماعت کے دوران گزشتہ دسمبر میں ضمانت پر جیل سے رہا تو کر دیا گیا تھا تاہم ان کے خلاف مقدمے کی کارروائی ابھی تک جاری ہے۔ اصلی ایردوآن نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ انہیں عارضی طور پر ترکی سے باہر جانے کی اجازت دی جائے۔

عالمی شہرت یافتہ ادیب اُمبرٹو ایکو انتقال کر گئے

فقیر کی خود نوشت، بھکاری پر شہرت اور دولت کی بارش

اس انچاس سالہ مصنفہ کی یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے چودہ مارچ کو استنبول کی ایک عدالت نے اس مقدمے کی آئندہ سماعت بائیس جون تک کے لیے ملتوی کر دی۔ اصلی ایردوآن کو، جن کا صرف خاندانی نام ہی ترک صدر ایردوآن کے نام جیسا ہے اور جن کا ترک سربراہ مملکت سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے، ’دہشت گردی کے پراپیگنڈے‘ کے اس مقدمے میں عمر قید تک کی سزا ہو سکتی ہے۔

Asli Erdogan
اصلی ایردوآن کی دو ہزار آٹھ میں جرمن شہر لائپزگ میں ہونے والے بین الاقوامی کتاب میلے کے دوران لی گئی ایک تصویرتصویر: Imago

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ اصلی ایردوآن کے خلاف اس مقدمے کو ترکی میں اظہار رائے کی آزادی کی عملی صورت حال کے حوالے سے بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے۔ کئی حلقے اصلی ایردوآن کے خلاف اس عدالتی کارروائی کو بہت متنازعہ بھی قرار دیتے ہیں کیونکہ ان کے نزدیک اس خاتون ناول نگار کے خلاف مقدمے کا تعلق دہشت گردی کے کسی پراپیگنڈے سے نہیں بلکہ ان کی سیاسی سوچ سے ہے۔

ادبی انعام بُکر پرائز جنوبی کوریائی ناول ’سبزی خور‘ کے لیے

مہاجر بن کر یورپ آنے والا شامی مصور اب کامیاب ناول نگار بھی

ہنگری کے نوبل انعام یافتہ ادیب امرے کیرٹیش انتقال کر گئے

’سب مِشن‘ ناول اب اسٹیج پر

گزشتہ برس ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے پس منظر میں اصلی ایردوآن کی گرفتاری اور ان کے خلاف مقدمے کے آغاز پر بین الاقوامی سطح پر شدید تنقید کی گئی تھی۔ اے ایف پی کے مطابق اصلی ایردوآن پر لگائے گئے الزامات کا تعلق ان تین مضامین سے ہے، جو انہوں نے اب بند کیے جا چکے Ozgur Gundem نامی اخبار میں گزشتہ برس لکھے تھے۔

PEN International Aktion für Autorin Asli Erdogan
اصلی ایردوآن کے خلاف مقدمے پر پین انٹرنیشنل کا احتجاج

یہ تینوں مضامین جنوب مشرقی ترکی میں کرد نسل کی آبادی کی اکثریت والے اس خطے کے بارے میں تھے، جہاں تب ترک فوج کی طرف سے کرد عسکریت پسندوں کی ممنوعہ تنظیم کردستان ورکرز پارٹی یا PKK کے خلاف فوجی آپریشن کیا جا رہا تھا۔

آج اپنی درخواست مسترد کیے جانے سے قبل اصلی ایردوآن نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ انہیں کچھ عرصے کے لیے اس وجہ سے ترکی سے باہر جانے کی اجازت دی جائے کہ وہ بیرون ملک ہونے والی چند تقاریب میں شرکت کر سکیں۔ اصلی ایردوآن کے اعزاز میں ان تقریبات کا اہتمام آسٹریا میں ویانا، ہالینڈ میں ایمسٹرڈم اور جرمنی میں شٹٹ گارٹ میں کیا گیا تھا، جن میں انہیں ایوارڈ بھی دیے جانا تھے۔

اصلی ایردوآن اب تک کئی بہت پسند کیے جانے والے ناول لکھ چکی ہیں، جن میں سے سب سے مشہور The City in Crimson Cloak ہے، جس کا انگریزی زبان میں ترجمہ بھی ہو چکا ہے۔