قادری کے حامیوں کا اسلام آباد پر دھاوا، ’فوج طلب کر لی گئی‘
27 مارچ 2016اسلام آباد سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز ممتاز قادری کے قریباً پچیس ہزار حامی راول پنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہو گئے جہاں ان کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا، جب کہ قادری کے حامیوں نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔ مقامی میڈیا کی جانب سے تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے ڈی چوک پر آگ بھی لگا دی ہے۔ حکومت نے فوج کی مدد طلب کر لی ہے۔
واضح رہے کہ ممتاز قادری کو انتیس فروری کو پھانسی دے دی گئی تھی۔ قادری پر الزام تھا کہ اس نے صوبہ پنجاب کے سابق سکیولر گورنر سلمان تاثیر کو دن دہاڑے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ قادری تاثیر کا بوڈی گارڈ تھا اور اس کا کہنا تھا کہ تاثیر کو مارنے کی وجہ سابق گورنر کی جانب سے پاکستان کے توہین مذہب سے متعلق قوانین میں ترامیم کا مطالبہ تھا۔ تاثیر کی کوشش تھی کہ توہین مذہب کیس میں زیر حراست مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی امداد کی جا سکے۔
توہین مذہب پاکستان میں انتہائی حساس موضوع ہے۔ مذہبی حلقے اس سے متعلق قوانین میں کسی بھی طرح کے رد و بدل کی شدید مخالفت کرتے ہیں۔ ممتاز قادری کی پھانسی کے خلاف مذہبی حلقوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔ قادری کے جنازے میں لاکھوں افراد شریک ہوئے تھے۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسلام آباد میں صورت حال انتہائی کشیدہ ہے اور حکومتی اہل کار مظاہرین کے سامنے بے بس دکھائی دے رہے ہیں۔ مظاہرین حساس علاقے ’ریڈ زون‘ میں داخل ہو چکے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز نے مظاہرے کو سنجیدگی سے نہیں لیا تھا جس کے باعث صورت حال قابو سے باہر ہو گئی۔ ان کے مطابق حکومت کو اس بات کی توقع نہیں تھی کہ اتنی بڑی تعداد میں مظاہرین راول پنڈی سے اسلام آباد پر دھاوا بول دیں گے۔