1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مودی سے مل کر امن و خوشحالی کے لیے کام کریں گے، عمران خان

23 مئی 2019

پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے نریندر مودی کو الیکشن جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔ بھارت میں پارلیمانی انتخابات میں مودی کی سیاسی جماعت بی جے پی کو ایک مرتبہ پھر بھاری کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3IyKG
China Pakistans Premierminister Imran Khan
تصویر: AFP/T. Peter

عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔ اپنے ٹوئیٹ میں عمران خان نے بی جے پی اور اُس کے اتحادیوں کی جیت پر مبارک دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ مودی کے ساتھ جنوبی ایشیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے کے حوالے سے پرامید ہیں۔

پاکستانی وزیراعظم کی طرف سے مبارک باد کا یہ پیغام ایسے وقت میں آیا ہے جب جمعرات تیئیس مئی کو ہی پاکستان نے شاہین دوئم کہلانے والے اپنے ایک بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ یہ میزائل زمین سے زمین پر مار کرتے ہوئے ڈیڑھ ہزار میل کے فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔  میزائل کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ میزائل پاکستان کی اسٹریٹیجک ضروریات کو پورا کرتے ہوئے خطے میں استحکام کو یقینی بنانے میں بھی مدد دے گا۔

Pakistan Shah Mehmood Qureshi, Außenminister
پاکستانی اور بھارتی وزرائے خارجہ کے درمیان کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک میں مختصر ملاقات ہوئی ہےتصویر: Getty Images/AFP/F. Naeem

بیلسٹک میزائل کے تجربے اور عمران خان کے پیغام سے قبل پاکستان کی جانب سے آج جمعرات کو ہی یہ اشارہ بھی سامنے آیا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ یہ بات ایسے وقت پر کہی گئی جب بھارتی پارلیمانی الیکشن میں وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت کی دوبارہ کامیابی یقینی ہو چکی ہے۔

اسی دوران بدھ بائیس مئی کو پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی بھارتی ہم منصب سشما سوراج کے ساتھ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی سطح کے اجلاس کے حاشیے میں مختصر سی ملاقات کی تھی۔ دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات وسطی ایشیائی ریاست کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہوئی۔

اس ملاقات کے بعد بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے رپورٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کبھی تلخی سے بات نہیں کی ہے بلکہ ہمیشہ اس کی کوشش کی ہے کہ اچھے ہمسایوں کی طرح رہا جائے۔ انہوں نے تمام حل طلب معاملات کو باہمی بات چیت کے ساتھ حل کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ بشکیک میں ہونے والی ملاقات میں بھارتی وزیر خارجہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو سویٹس کا تحفہ بھی دیا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں