1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نائن الیون کی دسویں برسی، نئے دہشت گردانہ حملوں سے انتباہ

9 ستمبر 2011

امریکہ نے کہا ہے کہ گیارہ ستمبر 2001ء کے حملوں کی دسویں برسی کے موقع پر ملک میں ممکنہ دہشت گردانہ حملوں کے بارے میں قابل اعتماد لیکن غیر مصدقہ اطلاعات موجود ہیں۔

https://p.dw.com/p/12WAs
تصویر: AP

نیویارک کے میئر مائیکل بلومبرگ نے اس حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیویارک اور واشنگٹن میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کے خطرے میں اضافے سے متعلق انٹیلیجنس معلومات کے بعد دونوں شہروں میں حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک کے شعبہ پولیس، ایف بی آئی اور پوری انٹیلیجنس کمیونٹی کو ’انتہائی چوکس کر دیا گیا ہے کیونکہ ہمیں علم ہے کہ دہشت گرد اس موقع کو ایک بار پھر حملہ کرنے کے لیے سازگار سمجھتے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ملنے والی اطلاعات کی ابھی تصدیق نہیں ہو سکی مگر یہ قابل اعتماد ہیں۔

بلومبرگ نے نیویارک کے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی روزمرہ کی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھیں کیونکہ شہر میں پولیس کی اضافی نفری اور خفیہ اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔

USA Wahlen Michael Bloomberg Bürgermeister von New York
نیویارک کے میئر مائیکل بلومبرگ نے کہا ہے کہ نیویارک اور واشنگٹن میں حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیںتصویر: AP

پولیس کمشنر ریمنڈ کیلی نے کہا کہ پلوں، سرنگوں، ٹرینوں کے نظام، ہسپتالوں اور سرکاری دفاتر میں سکیورٹی کے انتظامات بہتر بنا دیے گئے ہیں۔

بلومبرگ اور کیلی دونوں نے پولیس اور دیگر اہلکاروں کی تعیناتی کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ شہر میں پولیس اہلکاروں کی تعداد 35 ہزار ہے اور وہ اضافی نفری اور خفیہ اہلکاروں کی معاونت بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

قبل ازیں، امریکی ایوان نمائندگان کے رکن پیٹر کنگ نے نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا تھا کہ کانگرس کے دیگر اراکین کے ہمراہ انہیں بھی اس خطرے سے آگاہ کیا گیا ہے۔ سی این این نے بتایا کہ امریکی صدر باراک اوباما کو بھی اس ضمن میں بریفنگ دی گئی ہے۔

Raymond Kelly New York Police Commissioner Polizeichef
نیویارک کے پولیس کمشنر ریمنڈ کیلیتصویر: dapd

ایک اور امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی کے مطابق امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے ان معلومات پر کام کر رہی ہے کہ امریکہ میں بم حملہ کرنے کے ارادے سے اگست میں ایک امریکی شہری سمیت تین افراد ملک میں داخل ہوئے تھے۔ نام ظاہر نہ کرنے والے انٹیلیجنس افسران نے ادارے کو بتایا کہ مشتبہ افراد گیارہ ستمبر کے واقعے کی دسویں برسی کے موقع پر ایک دھماکہ خیز مواد سے بھری ہوئی گاڑی کسی اہم ہدف سے ٹکرانا چاہتے تھے۔ ان کے بارے میں یہ خیال ہے کہ انہوں نے اپنے سفر کا آغاز پاکستان یا افغانستان سے کیا تھا۔

داخلی سلامتی کی سیکرٹری جینٹ ناپولیتانو نے صحافیوں کو بتایا کہ دنیا بھر میں کی جانے والی نگرانی کے نتیجے میں بہت سی معلومات ملی ہیں اور ہم اس پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ سے ملنے والی دستاویزات کی روشنی میں یہ القاعدہ کے لیے ایک علامتی دن ہے۔ مئی میں امریکی کارروائی میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد امریکی حکام کو اس بات کا ثبوت ملا تھا کہ وہ اپنے پیروکاروں کو گیارہ ستمبر کے حملوں کی دسویں برسی کے موقع پر امریکہ پر حملوں کا منصوبہ تیار کرنے کی ترغیب دے رہے تھے۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت:  مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں