نیٹو اور قذافی دونوں کے خلاف جنگ کی جائے، الظواہری
15 اپریل 2011امریکی خبررساں ادارے اے پی کے مطابق القاعدہ کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والی یہ ویڈیو لیبیا پر بین الاقوامی فضائی آپریشن شروع ہونے سے قبل ریکارڈ کی گئی۔ اے پی کے مطابق ایمن الظواہری نے امریکہ اور نیٹو کے خلاف جنگ کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کو لیبیا کے حکمران معمر قذافی کی حامی فورسز کے خلاف بھی جنگ کرنے کی ترغیب دی ہے۔
القاعدہ کی طرف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ معمر قذافی کو اقتدار سے نکال باہر کیا جائے اور ملک میں اسلامی نظام حکومت رائج کیا جائے۔ امریکی خبررساں ادارے کے مطابق القاعدہ کی ویب سائٹ پر جاری کی جانے والی اس ویڈیو میں ایمن الظواہری نے لیبیا کے ہمسایہ ممالک خاص طور پر مصر، الجزائر اور تیونس سے کہا ہے کہ وہ معمر قذافی اور نیٹو کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔
القاعدہ کے دوسری اہم ترین رہنما ایمن الظواہری کی اس ویڈیو کے بارے میں خلاصہ سائٹ انٹیلیجنس گروپ نامی امریکی ادارے کی ویب سائٹ پر فراہم کیا گیا ہے۔ یہ تنظیم دہشت گرد تنظیموں کی ویب سائٹس پر نظر رکھتی ہے۔
رپورٹ: افسراعوان
ادارت: شامل شمس