وکی لیکس انکشافات، مایاوتی کی طرف سے مذمت
7 ستمبر 2011امریکی سفارتی کیبلز میں کہا گیا تھا کہ مایاوتی نے اپنی پسند کے جوتے منگوانے کے لیے ایک خالی ہوائی جہاز ممبئی بھیجا تھا۔ مایاوتی نے اس حوالے سے کہا کہ ان انکشافات کے پیچھے، جو شخص ہے اسے پاگل خانے بھیجا جانا چاہیے۔
مایاوتی، جو صرف ایک نام کا استعمال کرتی ہیں، اتر پردیش کی مقبول رہنما اور وزیراعلیٰ ہیں۔ وہ بھارت کی نچلی ذات کے ہندوؤں (دلیت) کی نمائندہ سمجھی جاتی ہیں۔ وکی لیکس ویب سائٹ کی طرف سے جاری کردہ خفیہ امریکی سفارتی دستاویزات میں مایاوتی کے طرز زندگی کے بارے میں بھی الزامات عائد کیےگئے ہیں۔ سفارتی کیبلز میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے پسندیدہ برانڈ کے جوتے منگوانے کے لیے نجی جیٹ طیارہ ممبئی بھیجا۔
55 سالہ مایاوتی، جو صحافیوں سے کم کم ہی گفتگو کرتی ہیں، نے ریاستی دارالحکومت لکھنؤ میں ایک پریس کانفرنس میں وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کی طرف سے شائع کی جانے والی ان خفیہ سفارتی کیبلز کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یا تو وہ پاگل ہے یا پھر ہماری حزب اختلاف کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ مایاوتی کا کہنا ہے کہ اسانج یہ اقدامات جان بوجھ کر کر رہے ہیں، ’میری وکی لیکس کے بانی (جولیان اسانج) کے ملک سے درخواست ہے کہ انہیں پاگل خانے بھیجے۔‘
انہوں نے کہا، ’یہ رپورٹ غلط، بےبنیاد اور مضحکہ خیز ہے۔ یہ میری اور میری پارٹی کے ایماندار کارکنوں کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔‘
مایاوتی نے ان الزامات کو بھی مسترد کیا ہے کہ انہوں نے اپنے کھانے کو چیک کرنے کے لیے بھی کچھ لوگ بھرتی کر رکھے ہیں، جو مایاوتی سے قبل ان کے کھانے کو چیک کرتے ہیں کہ کہیں اس میں ’زہر‘ تو نہیں۔ ان کا کہنا ہے،’یہ تفصیلات تو وہی بتا سکتا ہے، جو میرے باورچی خانے کی صفائی ستھرائی پر مامور ہو‘۔
امریکی سفارتی کیبلز میں 2007ء سے 2009ء تک کی مختلف تاریخوں میں کہا گیا ہے کہ مایاوتی ہر سال اپنی سالگرہ مناتی ہیں، جس میں ان کے ’چاپلوس پارٹی اراکین‘، کاروباری شخصیات اور سرکاری ملازمین، انہیں لاکھوں ڈالر کے تحائف پیش کرتے ہیں۔ سفارتی کیبلز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مایاوتی بھارتی وزیراعظم بننے کے خواب بھی دیکھ رہی ہیں۔
کیبلز میں یہ بھی تحریر ہے کہ مایاوتی نے پروٹوکول میں معمولی سی کمی پر ایک ریاستی وزیر سے ’اُٹھک بیٹھک‘ کروائی تھی۔ مایاوتی کی بھوجن سماج پارٹی نے 2009ء کے قومی الیکشن میں پارلیمنٹ کی543 نشستوں میں سے توقعات کے برعکس صرف 21 سیٹیں ہی جیتی تھیں۔
غیر شادی شدہ سابق سکول ٹیچر مایاوتی کو، جو ’دلت ملکہ‘ کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں، ملک کے شمال میں نچلی ذات کے لاکھوں ہندوؤں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
رپورٹ: سائرہ ذوالفقار
ادارت: عاطف توقیر