1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی، پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ رینکنگ میں اب پہلے نمبر پر

28 جنوری 2018

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو اٹھارہ رنز سے مات دے کر تین میچوں کی سیریز دو ایک سے اپنے نام کر لی ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو اس کے گھر میں ہی ہرایا ہے۔

https://p.dw.com/p/2reXU
Abu Dhabi ODI Cricket | Pakistan vs. Sri Lanka
تصویر: Getty Images/N. Balout

اس میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں دنیا کی بہترین ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہو گئی ہے۔ اس میچ سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم ورلڈ رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان تھی جبکہ پاکستانی ٹیم دوسرے نمبر پر تھی۔ پاکستان کو اس فارمیٹ میں دنیا کی بہترین ٹیم کا اعزاز حاصل کرنے کی خاطر نیوزی لینڈ کو شکست دینا تھی، جو پاکستانی ٹیم نے کر دکھایا۔

پاکستان نے بالآخر دو برس بعد نیوزی لینڈ کو ہرا دیا

پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست

نيوزی لينڈ ميں ناقص کارکردگی کی وجوہات کيا ہيں؟

نیوزی لینڈ کے شہر ماؤنٹ مونگانوئی میں اتوار اٹھائیس جنوری کو کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں پر 181 رنز بنائے۔ اس میچ میں بھی فخر زمان نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا۔ انہوں نے چھتیس گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے چھیالیس رنز بنائے۔ دوسرے نمایاں بلے باز کپتان سرفراز احمد رہے، جنہوں نے انتیس رنز بنائے۔

اس میچ میں پاکستانی بلے بازی اچھی رہی اور بلے بازی کرنے والے تمام آٹھ کھلاڑیوں کا اسٹرائیک ریٹ سو سے اوپر ہی رہا۔ خاص بات عمر امین کی شاندار اننگز تھی، جس میں انہوں نے سات گیندوں میں تین چھکوں کی مدد سے اکیس رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے سیٹنر اور سودھی نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

نیوزی لینڈ نے جب ایک سو بیاسی رنز کا تعاقب شروع کیا تو ’ان فارم‘ اوپنر مارٹن گپٹل کے علاوہ کوئی کھلاڑی بہتر کھیل پیش نہ کر سکا۔ اس میچ میں نیوزی لینڈ کی طرف سے کپتان کین ولیمسن نے گپٹل کے ساتھ اوپننگ کی۔ تاہم وہ پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ کا بہتر طریقے سے سامنا نہ کر سکے اور نو کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔

Großbritanien Cricket Pakistan gegen Sri Lanka
تصویر: Getty Images/M. Steele

تاہم دوسری طرف مارٹن گپٹل نے جارحانہ انداز میں کھیل کھیلا اور 43 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔ اس میں چار چھکے اور دو چوکے بھی شامل تھے۔ نیوزی لینڈ کے دوسرے نمایاں بلے باز راس ٹیلر رہے، جنہوں نے گیارہ گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے پچیس رنز بنائے۔ جب نیوزی لینڈ کو تقریباﹰ پندرہ گیندوں پر چالیس رنز درکار تھے، تو سیٹنر نے جارحانہ انداز میں کھیلا لیکن وہ اس مشکل وقت میں نیوزی لینڈ کو کامیابی نہ دلوا سکے۔ انہوں نے بارہ گیندوں پر چوبیس رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 163 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کی طرف سے شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جن میں مارٹن گپٹل کی اہم وکٹ بھی شامل رہی۔ اس کے علاوہ رومان رئیس، فہیم اشرف، عامر یامین اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس میچ میں عمدہ کارکردگی کے باعث بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ شاداب خان کو دیا گیا جبکہ تین میچوں کی اس ٹی ٹوئٹی سیریز کے بہترین کھلاڑی محمد عامر قرار پائے۔